برکس پارلیمانی کانفرنس میں پہلگام دہشت گرد حملے کی مذمت

   

نئی دہلی 12 جون (یواین آئی) راجیہ سبھا کے نائب چیرمین ہری ونش نے آج کہا کہ برکس ممالک کی پارلیمانوں نے 11ویں برکس پارلیمانی کانفرنس میں پہلگام دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی کے تئیں ہندوستان کے عزم کو دہرایا ہے ۔ ہری ونش نے 2026 میں ہندوستان کی صدارت میں منعقد ہونے والی 12ویں برکس پارلیمانی فورم کی میٹنگ کو ملک کیلئے فخر کی بات قرار دیا ہے ۔ راجیہ سبھا کے نائب چیرمین نے نامہ نگاروں سے کہا کہ حال ہی برازیل میں ہوئے 11ویں برکس پارلیمانی کانفرنس میں پہلگام میں المناک حملہ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی یکجہتی کی مسلسل وکالت سمیت اہم مسائل پر ہندوستان کے خیالات کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا۔ ان حالات کا اظہار کانفرنس میں منظور کیے گئے مشترکہ اعلامیہ میں کیا گیا۔ اس میں ہندوستان کے مضبوط اور اصولی موقف کو خاص طور پر دہشت گردی سے نمٹنے کے معاملے میں بھرپور حمایت حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کی قیادت میں ہندوستانی وفد نے دہشت گردی کی تمام شکلوں میں مذمت کی اور دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان سمیت تمام 10 رکن ممالک کی پارلیمانوں کی شرکت کے ساتھ برازیلیا میں منعقدہ کانفرنس ہندوستان کے لیے ایک اہم کامیابی تھی۔ کانفرنس میں ہندوستان، برازیل، روس، چین، جنوبی افریقہ، ایران، متحدہ عرب امارات، مصر، ایتھوپیا اور انڈونیشیا کے وفود شامل تھے ۔