اواگاڈوگو۔/12 اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) افریقی ملک برکینا فاسو کے مخدوش شمالی علاقہ کی ایک مسجد پر حملہ کے نتیجہ میں کم سے کم 16 افراد ہلاک اور دیگر دو شدید زخمی ہوگئے۔ ذرائع نے کہا کہ جمعہ کی شام سالموسی کے علاقہ میں واقع سب سے بڑی مسجد پر مسلح افراد نے یہ حملہ کیا تھا جس میں 13 افراد برسر موقع جاں بحق ہوگئے دیگر 3 بعد ازاں جانبر نہ ہوسکے۔ دو زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی گئی ہے۔ قریبی ٹاؤن گورم گورم میں مقامی افراد نے حملہ کی توثیق کی اور کہا کہ سالموسی کے کئی افراد ان حملوں کے بعد اپنی جان بچانے کیلئے گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات کو فرار ہوچکے ہیں۔