حیدرآباد میں دفاعی اداروں میں توسیع کی تجویز، حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا تیقن
حیدرآباد ۔ 18۔ جون (سیاست نیوز) برہموس ایرو اسپیس کے نمائندہ وفد نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ان کی قیامگاہ پر خیرسگالی ملاقات کی ۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو اس موقع پر موجود تھے ۔ برہموس ایرو اسپیس کے مینجنگ ڈائرکٹر اور سی ای او جئے تیرتھ جوشی ، برہموس حیدرآباد کے اگزیکیٹیو ڈائرکٹر ایس سامبا سیوا پرساد، ڈی آر ڈی ایل کے ڈائرکٹر جی اے سرینواس مورتی اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے برہموس ایرو اسپیس کی سرگرمیوں میں توسیع کی خواہش کی اور کہا کہ حیدرآباد اس کیلئے ایک موزوں مقام ہے۔ انہوں نے حیدرآباد میں ایرو اسپیس سرگرمیوں کو توسیع دینے کا مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد اور بنگلورو دفاعی راہداری کے قیام کیلئے موزوں مقامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے دفاعی شعبہ کے کئی ادارے پہلے ہی سے قائم ہیں اور نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سرمایہ کاری کیلئے تلنگانہ ملک میں ایک سازگار مقام کی حیثیت رکھتا ہے ۔ چیف منسٹر نے تجویز پیش کی کہ برہموس ایرو اسپیس اور اپنی سرگرمیوں میں توسیع کیلئے تلنگانہ اور خاص طور پر حیدرآباد کا انتخاب کرے۔ چیف منسٹر نے یقین دلایا کہ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا ۔ برہموس ایرو اسپیش کے وفد نے چیف منسٹر کی تجویز پر مثبت ردعمل ظاہر کیا۔1