بریلی میں میراتھن ’’لڑکی ہوں لڑ سکتی ہوں‘‘ میں بھگدڑ

,

   

Ferty9 Clinic

میدان میں گنجائش سے زیادہ لڑکیاں جمع ہوجانے کا شاخسانہ ،پرینکا گاندھی کی کامیاب مہم جاری

بریلی: اترپردیش کے ضلع بریلی میں کانگریس کی جانب سے منعقد کی گئی’’لڑکی ہوں لڑ سکتی ہوں‘‘ میراتھن دوڑ میں بھگدڑ مچ جانے سے کئی لڑکیوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق منگل کی صبح بشپ منڈل انٹر کالج میں میراتھن دوڑ میں شامل ہونے کے لئے ہزاروں کی تعداد میں لڑکیاں اکٹھا ہوئیں ۔ دوڑ شروع ہونے سے قبل ہی ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش میں بھگدڑ مچ گئی جس میں قطار میں کھڑی کچھ لڑکیاں نیچے گر گئیں اور پیچھے کھڑی لڑکیاں انہیں پھلانگتے ہوئے آگے نکل گئیں۔بتایا جاتا ہے کہ میدان کی گنجائش سے زیادہ لڑکیاں وہاں اکٹھا ہوگئی تھیں جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا ۔کافی مشقت کے بعد منتظمین نے حالات کو سنبھالا۔اس واقعہ میں ایک درجن سے زیادہ لڑکیوں کومعمولی چوٹیں آئی ہیں۔ ان میں سے تین چار زخمی لڑکیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔مغربی اترپردیش کی کانگریس انچارج و میراتھن کی کنوینر سنگیتا وید نے کہاکہ دوڑ شروع ہونے سے پہلے نقطہ آغاز پر آگے کھڑے ہونے کی کوشش میں لڑکیوں کے درمیان دھکم پیل ہونے لگی۔اس دوران کچھ لڑکیوں کے زمین پر گر جانے سے انہیں چوٹیں آئی ہیں۔بریلی ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ انتظامیہ کی اجازت سے شہر کے سیول لائن میں واقع بشپ انٹر کالج سے دوڑ شروع ہونی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ دوڑ شروع ہونے سے پہلے ہی بھگدڑ مچنے کی اطلاع ملی ۔ ملحوظ رہے کہ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں خاتون ووٹروں کو اپنی جانب مائل کرنے میں مشغول کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی’’لڑکی ہوں لڑسکتی ہوں‘‘ کا نعرہ دیتے ہوئے لڑکیوں اور خواتین کے لئے متعدد اہم اعلانات کرچکی ہیں۔ کانگریس کی جانب سے ’’لڑکی ہوں لڑسکتی ہوں‘‘ بیانر کے تحت مختلف شہروں میں ’میراتھن دوڑ ‘ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں لڑکیاں بڑے پیمانے پر شرکت کرہی ہیں۔میراتھن میں اسکوٹی، موبائل فون بطور انعام دئیے جارہے ہیں۔