جے پور: راجستھان کے سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ 87 لاکھ بزرگ، معذور اور بیواؤں کو پنشن نہیں مل رہی ہے ۔گہلوت نے اتوار کو جاری ایک بیان میں کہا کہ پنشن نہ صرف ان کی روزی روٹی میں مدد کرتی ہے بلکہ انہیں عزت نفس کے ساتھ زندگی گزارنے کا موقع بھی دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے راجستھان کے عوام کو یہ گارنٹی دی تھی کہ پچھلی حکومت کی کوئی بھی اسکیم بند نہیں کی جائے گی اور نہ ہی اسے کمزور کیا جائے گا، لیکن ہر روز اخبارات میں شائع ہونے والی خبریں اس گارنٹی کو بے نقاب کر رہی ہیں۔گہلوت نے چیف منسٹر بھجن لال شرما سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان سماجی تحفظ کی اسکیموں کو مضبوط کریں تاکہ راجستھان کے عام لوگوں کی عزت میں اضافہ ہو۔