مولانا عبدالماجدکی قیادت میںجمعیۃ العلماء کے وفدکی زخمیوںسے ملاقات ‘ مہلوکین کے ورثاء سے تعزیت
کرنول۔ 25اکتوبر(بذریعہ میل )جمعیۃ العلماء آندھراپردیش کے صدر مولانا ڈاکٹر قاضی عبدالماجدکی قیادت میں ایک وفد، جس میں مفتی شفیع اللہ (جنرل سکریٹری، جمعیۃ علماء ضلع کرنول) اور مولانا منصور بیگ رشادی بھی شامل تھے، نے گورنمنٹ جنرل اسپتال کرنول کا دورہ کیا اور حال ہی میں نیشنل ہائی وے پر چناٹیکور گاؤں کے قریب پیش آئے المناک بس حادثہ کے زخمیوں کی عیادت کی۔وفد نے زخمیوں سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی، دلی ہمدردی کا اظہار کیا، مالی امداد فراہم کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر مولانا ڈاکٹر قاضی عبدالماجد نے جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ مرحومین کی مغفرت فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔جمعیۃ علماء کے وفد نے اسپتال کے عملے اور ڈاکٹروں سے بھی ملاقات کی اور زخمیوں کے علاج میں ان کی مستعدی اور محنت کی ستائش کی۔وفد نے یقین دلایا کہ جمعیۃ علماء آندھراپردیش متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔