ممبئی 4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) قدیم ممبئی ۔ پونے ہائی وے پر پیر کی صبح ایک خانگی بس کھائی میں گرگئی۔ اس حادثہ میں پانچ افراد ہلاک اور دیگر 40 زخمی ہوگئے۔ کھوپوی پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر نے بتایا کہ یہ حادثہ صبح پانچ بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب لکژری بس جس میں 42 مسافر سوار تھے، ضلع ستارا کے کرڈ سے ممبئی جارہی تھی۔ ڈرائیور کے توازن کھونے سے بس تقریباً 40 فیٹ گہری کھائی میں گر گئی۔ بس میں سوار افراد دیوالی کی چھٹیاں گزارنے کے بعد کرڈ سے واپس ہورہے تھے۔ مہلوکین کی ابھی شناخت نہیں کی گئی جبکہ زخمیوں کو علاج کے لئے ہاسپٹل سے رجوع کردیا گیا۔