واشنگٹن : یکم اپریل ( ایجنسیز ) امریکی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ بغداد میں ایک امریکی صحافی کے اغوا سے متعلق خبروں سے آگاہ ہے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اس واقعے کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔وزارت نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ پہلے ہی عراق میں سکیورٹی خطرات سے متعلق خبردار کر چکا تھا، اب وہ اس معاملے کی تحقیقات اور حقائق جاننے کے لیے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے ساتھ رابطے میں رہے گی۔ایک متعلقہ پیش رفت میں وزارت نے بتایا کہ عراقی حکام نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے، جس پر اغوا میں ملوث ہونے کا شبہ ہے اور اس کے ایران نواز گروہ ”کتائب حزب اللہ ”سے تعلقات بتائے جا رہے ہیں۔اس سے قبل منگل کے روز عراقی وزارت داخلہ نے تصدیق کی تھی کہ نامعلوم افراد نے ایک غیر ملکی (امریکی) صحافی کو اغوا کر لیا۔وزارت کے مطابق سکیورٹی فورسز نے تعاقب کے دوران اغوا کاروں کی گاڑی کو گھیر لیا، جو فرار کی کوشش میں الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی ایک گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی۔اغوا ہونے والی صحافی کی شناخت شیلی کلیسٹن کے نام سے ہوئی ہے۔