بغدادی پر حملہ میں باصلاحیت امریکی فوجی کتا زخمی

   

واشنگٹن ۔ 28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی فوجی کتوں نے ایک تاریک سرنگ میں دولت اسلامیہ قائد البغدادی کا بالکل فلمی انداز میں تعاقب کیا اور ایک وقت ایسا آیا جب بغدادی پر بوکھلاہٹ اور موت کا خوف طاری ہوگیا اور اس نے خود کو دھماکہ سے اڑا لیا جس سے امریکی فوج کے ایک باصلاحیت کتے کو شدید زخم آئے۔ یہ بات کسی اور نے نہیں بلکہ خود امریکی صدر ٹرمپ نے بتائی۔ ابوبکر البغدادی کے سر پر 25 ملین امریکی ڈالرس کے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔ ہفتہ کو امریکہ کی قیادت والی خصوصی فوج نے اس کے رہائشی کمپاونڈ پر دھاوا بولا تھا جہاں وہ اپنے ارکان خاندان اور کچھ قریبی ساتھیوں کے ساتھ مقیم تھا۔ وائیٹ ہاؤس کے سچویشن روم میں ٹرمپ نے یہ منظر براہ راست دیکھا جس طرح سابق صدر اوباما نے اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد میں ہلاکت کا منظر دیکھا تھا۔