بغیر پرمٹ حج کرنے کی کوشش، 17615 افراد گرفتار

   

ریاض: (کے این واصف) حج ایک اجر و ثواب والا عمل ہے۔ حج ان پر فرض ہے جو صاحب استطاعت ہیں۔ کچھ لوگ حج کی مقررہ فیس ادا کرنے کی استطاعت نہ ہونے کی وجہ سے حج اجازت نامہ حاصل کئے بغیر صحرائی راستوں سے حکومتی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مکہ مکرمہ مین داخل ہوجاتے ہیں اور اس کی سزا بھگتتے ہیں۔ سعودی عرب میں سیکیورٹی حکام نے اب تک 17 ہزار سے زیادہ افراد کو بغیر اجازت حج کرنے کی کوشش پر گرفتار کیا ہے۔ سعودی محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر اورحج سیکیورٹی کمیٹی کے سربراہ محمد البسامی نے کہا ہے کہ سیکوریٹی حکام نے مجموعی طور پر 17 ہزار 615 ایسے افراد کو پکڑا ہے جن کے پاس باضابطہ حج اجازت نامے نہیں تھے۔ ان میں نو ہزار 509 اقامہ ولیبر قوانین اور بارڈر سیکیورٹی کی خلاف ورزی کرنے والے شامل ہیں۔ مملکت کے مختلف علاقوں میں جعلی حج مہم چلانے والے 105 افراد کو بھی حراست میں لے کر پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا گیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق انہوں نے کہا ’دو لاکھ دو ہزار 695 ایسے افراد جن کے پاس حج پرمٹ نہیں تھا ، کو مکہ کے انٹری پوائنٹس سے واپس بھیجا گیا ہے۔ ایک لاکھ 28 ہزار 999 گاڑیاں جن کے پاس مکہ مکرمہ اور حج مقامات میں داخلے کا اجازت نامہ نہیں تھا انہیں بھی واپس کیا گیا۔ محمد البسامی نے کہا کہ حج پرمٹ نہ رکھنے والے عازمین کو منتقل کرنے والے 33 ٹراٹسپورٹرز کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے خلاف ضابطے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔