بلالحاظ مذہب و ملت ایک ماہ کے راشن کی تقسیم

   

مزید درخواستوں کی عنقریب یکسوئی ، صدر حلائی میمن جماعت محمد شبیر بھوجانی کا بیان
حیدرآباد۔3اپریل(سیاست نیوز) شہر میں حلائی میمن جماعت کی جانب سے 1200 خاندانوں میں ایک ماہ کے راشن کی تقسیم کو مکمل کرلیا گیا ہے اور آئندہ دو یوم کے دوران مزید600 خاندانوں کو ایک ماہ کے راشن کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔ صدر حیدرآبادحلائی میمن جماعت جناب محمد شبیر بھوجانی نے بتایا کہ جماعت کی جانب سے مستحقین سے درخواستیں واٹس اپ کے ذریعہ وصول کی گئی تھیں اور جن لوگوں نے درخواستیں روانہ کی ہیں ان لوگوں کو جماعت کی جانب سے آج راشن کی روانگی کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔ انہو ںنے واضح کیا کہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں راشن کی تقسیم کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات میں حیدرآباد حلائی میمن جماعت کے اراکین کمیٹی کے علاوہ یوتھ کمیٹی اور میمن برادران کا تعاون حاصل ہے اور سب مشترکہ طور پر مستحقین تک رسائی حاصل کرتے ہوئے ان کی مدد کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ جن لوگوں کو راشن کی فراہمی عمل میںلائی گئی ہے وہ بلا لحاظ مذہب و ملت عمل میں لائی گئی ہے ۔ جناب محمد شبیر بھوجانی نے بتایا کہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے کئی علاقوں بشمول بوئن پلی‘ سکندرآباد‘ مقطعہ مدارصاحب‘ بی ایس مقطعہ‘ بندلہ گوڑہ ‘ اسمعیل نگر‘ غوث نگر‘ کشن باغ‘ کالا پتھر ‘ تاڑبن‘مراد نگر‘ فرسٹ لانسرز کے علاوہ دیگر علاقوں سے درخواستیں وصول ہوئی تھیں اور اب تک موصول ہونے والی تمام درخواستوں کی یکسوئی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آج شروع کی گئی راشن کی تقسیم کے لئے 5 ٹرالی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور ان کے ذریعہ راشن کی تقسیم کو یقینی بنایا گیا ہے۔ حیدرآباد حلائی میمن جماعت کی جانب سے 30مارچ تک جو درخواستیں وصول کی گئی ہیں ان درخواست گذاروں کو ان کے مکانات تک راشن پہنچانے کا انتظام کیا جا رہاہے تاکہ راشن لینے والوں کی تفصیلات بھی مخفی رہیں اور عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط پر بھی عمل آوری ممکن ہوسکے ۔