بلجیم: قرآن کا نسخہ جلانے کا منصوبہ ، 5افراد خارج

   

برسلز: بلجیم نے ڈنمارک کے پانچ انتہائی دائیں بازو کے خیالات رکھنے والے کارکنوں کو دارالحکومت برسلز کے مسلمان اکثریتی علاقے میں قرآن کا نسخہ جلانے کا منصوبہ بنانے پر ملک بدر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے ایک سال تک ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔بلجیم کے وزیر برائے پناہ گزین سمیع مہدی نے انھیں ’امنِ عامہ کے لیے سنگین خطرہ‘ قرار دیا۔ان کے فیس بک پیج کے مطابق یہ پانچ افراد سیاست دان راسمس پیلوڈن سے منسلک تھے۔یاد رہے کہ پیلوڈن کو چہارشنبہ کے روز فرانس سے اس وقت ملک بدر کیا گیا تھا جب انھوں نے پیرس میں قرآن کا نسخہ جلانے کا اشارہ دیا تھا۔رواں برس کے آغاز میں ان کو اپنی جماعت سٹریم کرس کے سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے اسلام مخالف ویڈیوز پوسٹ کرنے پر ڈنمارک میں ایک ماہ کے لیے جیل میں سزا کاٹنی پڑی۔تازہ ترین واقعے میں بلجیم پولیس کو شک تھا کہ یہ پانچ افراد برسلز کے ضلع مولینبیک سینٹ ژان میں قرآن کا نسخہ جلانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انھیں ایک ذریعے سے یہ بات معلوم ہوئی کہ ان افراد سے پولیس نے پوچھ گچھ کی جس کے بعد یہ کیس سرکاری وکیل کے دفتر بھیج دیا گیا۔