بلدی انتخابات ،پرچہ نامزدگی سے دستبرداری کی مہلت ختم

   

116 میونسپلٹیز اور 7 کارپوریشنوں کیلئے 11 فروری کو پولنگ، 13 فروری کو نتائج ، سرگرمیاں تیز

حیدرآباد ۔3 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ میونسپل انتخابات کا ایک اہم مرحلہ مکمل ہوگیا۔ پرچہ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ آج ختم ہوگئی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پرچہ نامزدگی سے دستبرداری کی آخری تاریخ 3 فروری سہ پہر 3 بجے تک مقرر کی گئی تھی۔ 11 فروری کو ایک ہی مرحلہ میں 116 میونسپلٹیز اور 7 میونسپل کارپوریشن کیلئے رائے دہی منعقد ہوگی۔ اگر اتفاق سے کہیں دوبارہ پولنگ کی ضرورت پیش آتی ہے تو 12 فروری کو ری پولنگ کرانے کا الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے جبکہ نتائج 13 فروری کو جاری کئے جائیں گے ۔ 16 فروری 116 بلدیات میں چیر پرسن اور وائس چیرپرسن اس کے علاوہ 7 کارپوریشنوں میں میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب ہوگا۔ بلدی انتخابات میں جملہ 52 لاکھ 43 ہزار ووٹرس حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے ۔ عہدیداروں نے کہا ہے کہ انتخابات کو شفاف اور پرامن انداز میں منعقد کرنے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ پولیس کے ساتھ مل کر حساس مسائل والے علاقوں میں سخت سیکوریٹی فراہم کی جائے گی۔ انتخابی حکام نے تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ریٹرننگ آفیسر کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ ریاست میں منعقد ہونے والے بلدی انتخابات کانگریس ، بی آر ایس اور بی جے پی کیلئے انتہائی اہم تصور کئے جارہے ہیں۔ تینوں ہی جماعتوں کی جانب سے زیادہ سے زیادہ نشستوں پر کامیابی کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے۔ شہری ووٹرس کا رجحان کیا رخ اختیار کرتا ہے، اس پر سیاسی حلقوں میں خاص دلچسپی پائی جارہی ہے۔ ہر جماعت نے اپنے اپنے امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے انتخابی مہم چلانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔2