اضلاع کلکٹرس ، سی پیز ، ایس پیز اور میونسپل کمشنرس کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس ، الیکشن کمشنر کا خطاب
نظام آباد۔ 28 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی الیکشن کمشنر رانی کمودنی نے ہدایت دی ہے کہ بلدی انتخابات کسی بھی رکاوٹ یا کوتاہی کے بغیر مکمل شفافیت اور خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد کیے جائیں۔ انہوں نے حیدرآباد سے چیف سیکریٹری رام کرشن راؤ اور ڈی جی پی شیو دھر ریڈی کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ تمام اضلاع کے کلکٹرس، سی پیز، ایس پیز اور میونسپل کمشنرس کو ضروری رہنمایانہ ہدایات دیں۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ریاست بھر میں 116 میونسپلٹیز اور 7 میونسپل کارپوریشنز کے لیے انتخابات منعقد کیے جائیں گے اور اس عمل کو پرامن ماحول میں یقینی بنانے کے لیے سخت انتظامات کیے جائیں۔ریاستی الیکشن کمشنر رانی کمودنی نے کہا کہ چونکہ انتخابی شیڈول جاری ہوچکا ہے اس لیے ضابط اخلاق پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر کلکٹر ایلا تریپاٹھی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کے مطابق انتخابات کے انعقاد کے لیے ضلع انتظامیہ مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے علاوہ بودھن، آرمور اور بھِیمگل میونسپلٹیز شامل ہیں جہاں مجموعی طور پر 146 وارڈس کے لیے انتخابات منعقد ہوں گے۔ ویڈیو کانفرنس کے بعد کلکٹر نے میونسپل کمشنرس اور نوڈل افسران کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام افسران اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دیں۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی کوئی گنجائش نہ رہے اور تمام سیاسی جماعتیں، امیدواران، عوامی نمائندے اور افسران اس کی سختی سے پابندی کریں۔ انہوں نے مونسپل حدود میں سیاسی جماعتوں کے بینرس، فلیکس، پوسٹرس، تصاویر اور دیگر تشہیری مواد فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت دی، ساتھ ہی نامزدگی مراکز کی تمام کمروں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور قواعد کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا۔ ویڈیو کانفرنس میں پولیس کمشنر سائی چیتنیا، ایڈیشنل کلکٹرس انکت، کرن کمار، کاماریڈی انچارج ایڈیشنل کلکٹر مدھو موہن، بودھن، آرمور اور بانسواڑہ سب کلکٹرس وکاس مہتو، ابھیگیان مالویہ، کرن مئی، نظام آباد آر ڈی او راجندر کمار، میونسپل کارپوریشن کمشنر دلیپ کمار، میونسپل کمشنرس اور متعلقہ عہدیدار بھی موجود تھے۔