حیدرآباد ۔ 26 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : جی ایچ ایم سی کی پانچ سالہ میعاد فروری 2021 میں ختم ہوگی لیکن اس کا قوی امکان ہے کہ اس کے انتخابات جلد ہوسکتے ہیں ۔ ٹی آر ایس حکومت ، اگر اس پارٹی کو 22 جنوری کو منعقد ہونے والے بلدیات کے انتخابات میں اضلاع رنگاریڈی اور میڑچل ، ملکاجگیری میں شہری مجالس مقامی انتخابات میں اکثریت حاصل ہو تو جی ایچ ایم سی کے انتخابات 2020 میں منعقد کرنے کے بارے میں سوچ رہی ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ حکومت امکان ہے کہ 2 جنوری کو بلدی انتخابات کے نتائج کی اساس پر جی ایچ ایم سی کے انتخابات کے لیے تاریخ کا اعلان کرے گی ۔ 2016 کے جی ایچ ایم سی انتخابات میں ٹی آر ایس کو 150 کے منجملہ 99 ڈیویژنس میں کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ ٹی آر ایس کے ایک سینئیر قائد نے کہا کہ اگر جی ایچ ایم سی کے انتخابات منعقد کرنا ہو تو فروری یا اوائل مارچ موزوں ہوں گے کیوں کہ وسط مارچ سے امتحانات کا آغاز ہوتا ہے جو مئی تک جاری رہیں گے ۔ ٹی آر ایس قیادت نے جی ایچ ایم سی کارپوریٹرس کو 2020 میں کسی بھی وقت انتخابات کے کافی اشارے دئیے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کو محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے زیر التواء ترقیاتی کاموں کو بعجلت ممکنہ مکمل کرنے کے لیے کہا گیا ہے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ چاہتے ہیں کہ ڈبل بیڈ روم مکانات ، سڑکوں کی تعمیر اور دوسرے کام ختم دسمبر تک مکمل ہوں تاکہ ٹی آر ایس پارٹی کے سی آر حکومت کی جانب سے کئے گئے کاموں کو بتاتے ہوئے رائے دہندوں کے پاس جاسکے ۔۔