بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس سے کوئی مفاہمت نہیں: چاڈا وینکٹ ریڈی

   

آر ٹی سی ہڑتال پر حکومت کا رویہ قابل مذمت، کسان حکومت کی امداد سے محروم
حیدرآباد۔ 22 نومبر (سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہا کہ مجوزہ بلدی انتحابات میں ٹی آر ایس سے کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی عوام دشمن پالیسی کے خلاف سی پی آئی مسلسل جدوجہد کررہی ہے اور ایسی حکومت سے مفاہمت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ آر ٹی سی ہڑتال دن بہ دن سنگین نوعیت اختیار کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ماہانہ 640 کروڑ روپئے خسارے کا دعوی کررہے ہیں۔ انہوں نے 70 فیصد آر ٹی سی ملازمین کو سڑک پر لادیا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ آر ٹی سی ہڑتال اور ملازمین کی خودکشی کے لیے چیف منسٹر ذمہ دار ہیں اگر وہ چاہتے تو مذاکرات کے ذریعہ فوری مسئلہ کا حل تلاش کیا جاسکتا تھا۔ وینکٹ ریڈی نے افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت نے ہائی کورٹ میں غلط اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ سی پی آئی قائد نے کہا کہ سرکاری عہدیدار حکومت کی ایما پر آر ٹی سی کے خلاف کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کسی بھی صورت میں آر ٹی سی کو خانگیانے اور اثاثہ جات قریبی افراد کے حوالے کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ سی پی آئی سکریٹری نے ریاست میں تعلیمی شعبہ کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت سرکاری مدارس کو بتدریج ختم کررہی ہے۔ سی پی آئی اس فیصلے کے خلاف احتجاج منظم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی کے لیے رائیتو بندھو اسکیم کا اعلان کیا گیا۔ لیکن تشکیل حکومت کے بعد کسانوں کے اکائونٹ میں رئیتو بندھو کی رقم جمع نہیں ہورہی ہے۔