حیدرآباد ۔6جنوری ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مسٹر اُتم کمار ریڈی نے بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی سے متعلق چیف منسٹر کے دعوی کو فرضی قرار دیا اور کہا کہ ٹی آر ایس کی کامیابی کا کسی سروے میں اظہار نہیں کیا گیا بلکہ چیف منسٹر من مانی باتیں کررہے ہیں ۔ ان باتوں پر اب عوام ہرگز بھروسہ کرنے والے نہیں ہیں ۔ اُتم کمار ریڈی نے سوریا پیٹ میں کانگریس کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے کانگریس ہرگز ڈرنے والی نہیں ہے بلکہ پارٹی انتخابات میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے تمام حربوں کا مقابلہ کرنے اور منہ توڑ جواب دینے تیار رہے گی ۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ انتخابات میں ریاست کی تقریباً تمام بلدیات پر کانگریس اپنا پرچم لہرائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹس کے نام پر لوٹ کھسوٹ کے ذریعہ حاصل رقومات کے ذریعہ ٹی آر ایس انتخابی مقابلہ کی تیاری کررہی ہے جبکہ کانگریس عوامی طاقت کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے گی ۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے ایک بھی انتخابی وعدہ کو پورا نہیں کیا جس کی وجہ سے عوام میں مخالفت اور برہمی پائی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر کو اس بات کا احساس نہیں ہو رہا ہے ۔