عوامی حکومت کو ہر طبقہ کی تائید حاصل، جوگی پیٹ میں نمائندہ ’سیاست‘ سے بات چیت
جوگی پیٹ۔ 8؍فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ کانگریس پارٹی کی عوامی حکومت سے عوام کا ہر طبقہ مطمئن اور خوش ہے جس کا اندازہ پنچایت انتخابات کے نتائج سے لگایا جاسکتا ہے۔ بلدی انتخابات میں بھی ہر جگہ کانگریس کی لہر ہے اور بلدیہ انتخابات میں بھی کانگریس پارٹی کی بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر صحت ڈی نرسمہا نے جوگی پیٹ میں نمائندہ ’سیاست‘ ارشد محی الدین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کے دور میں عوام کے فائدے کے لیے کئی اہم ترقیاتی کام انجام دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کے لیے فری بس سروس شروع کی گئی ہے، غریبوں کے لیے بجلی (کرنٹ) مفت فراہم کی جا رہی ہے، عوام کو باریک چاول مہیا کرائے جا رہے ہیں، گھر بنانے کے لیے پانچ لاکھ روپے کی امداد دی جا رہی ہے اور کسانوں کے لیے قرض معافی اسکیم بھی نافذ کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے فائدے کے لیے اور بھی کئی اسکیمیں جاری کی جا چکی ہیں اور کچھ مزید اسکیمیں جلد متعارف کرائی جائیں گی۔ ہیلتھ منسٹر نے بتایا کہ اندول کے علاقے میں جے این ٹی یو کالج سلطان پور میں قائم کیا گیا ہے، جہاں سے کئی طلبہ اور طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ جوگی پیٹ میں گورنمنٹ اسپتال کی نئی عمارت تعمیر کی جا رہی ہے، سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام انجام دیا گیا ہے، بہادر خان فنکشن ہال کے لیے فنڈ منظور کیا گیا ہے، اور اندول میں پارک کا کام بھی جلد شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے کئی اور ترقیاتی کام انجام دیے جائیں گے، جس سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔ آخر میں انہوں نے کہا: “میرا ایک ہی مقصد ہے، عوام کی خدمت کرنا”۔ انھوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ بلدی انتخابات میں کانگریس امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرتے ہوئے اپنے علاقہ کو ترقی کی سمت لے جانے میں حصہ ادا کریں۔