حیدرآباد۔ 25 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مجوزہ انتخابات سے متعلق بلدی انتخابات کیلئے اعلامیہ کی اجرائی تک ہی فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کا ریاستی الیکشن کمیشن نے اعلان کیا اور بتایا کہ پہلے حلقہ جات اسمبلی کی فہرست رائے دہندگان میں ردوبدل کے بعد ہی بلدی فہرست رائے دہندگان میں تبدیل کرنے کا موقع فراہم رہے گا، لہذا اس طرح حلقہ اسمبلی کی فہرست رائے دہندگان میں تبدیل کی جانا چاہئے۔ فہرست رائے دہندگان میں نام شامل کروانے کے خواہش مند درکار فارم نمبر 6، 7، 8 اور 8 اے کے ذریعہ حلقہ اسمبلی کیلئے ووٹر رجسٹریشن آفیسر کے پاس داخل کرنا ہوگا اور سیاسی جماعتوں، ووٹرس، رضاکارانہ تنظیموں، خواہش مند افراد وارڈز کے لحاظ سے شائع کی جانے والی فہرست رائے دہندگان کا جائزہ لے کر شامل ناموں میں کوئی غلطیاں پائی جانے پر شکایات و مشوروں سے متعلق تجاویز میونسپل کمشنروں یا ریوینیو ڈیویژنل آفیسرس کو پیش کئے جانے چاہئے۔ کمیشن نے کہا کہ شکایات یا مشوروں پر مبنی یادداشتوں کی ضلع کلکٹرس، ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس، ووٹرس رجسٹریشن آفیسرس تفصیلی غور کرکے یکسوئی کریں۔ کسی ردوبدل کی صورت میں قانون عوامی نمائندگان و شرائط و ضوابط کے مطابق اسمبلی حلقہ جات کے فہرست رائے دہندگان کی تصحیح کی جانی چاہئے اور اس کے بعد فہرست رائے دہندگان میں تبدیل کرنے کا میونسپل کمشنروں کو موقع رہے گا۔ جاریہ ماہ 16 جولائی کو بلدیات سے متعلق وارڈ کی اساس پر تصاویر پر مشتمل قطعی فہرست رائے دہندگان کی اشاعت کے بعد ان فہرستوں کو عوام کے مشاہدہ کیلئے دستیاب رکھا گیا ہے اور ان کی کاپیاں اب تک تمام مسلمہ سیاسی جماعتوں کو مفت میں فراہم کی گئی اور جائزہ لینے کیلئے علیحدہ کاپیاں میونسپل کمشنرس کے پاس بھی علیحدہ طور پر مشاہدہ کیلئے دستیاب رکھے گئے ہیں اور اس فہرست رائے دہندگان کی کاپیوں کو ریاستی الیکشن کمیشن کے ویب سائیٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کرلینے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔