بلدیات وکارپوریشن کے انتخابات کے پرامن انعقاد پر زور ، چیف سکریٹری کی کلکٹرس کو ہدایت
حیدرآباد۔8جنوری(سیاست نیوز) ضلع کلکٹرس ریاست میں ہونے والے بلدی انتخابات کے سلسلہ میں مستعد رہتے ہوئے انتخابات کے پر امن انعقاد کو یقینی بنائیں تاکہ ریاست میں ہونے والے انتخابات کے دوران کوئی ناخواشگوار واقعہ نہ ہواور عوام بے خوف و خطر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں۔ چیف سیکریٹری مسٹر سومیش کمار نے آج ضلع کلکٹرس سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن اضلاع میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں ان اضلاع میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے سختی سے نفاذ کے علاوہ امن و امان کی برقراری اور رائے دہی کیلئے درکار عملہ کی تیاری کے لئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور عہدیداروں کو اس بات کی ہدایت دی جائے کہ وہ انتخابی عمل کے دوران کسی بھی طرح کی کوئی بدنظمی کو برداشت نہ کریں۔مسٹر سومیش کمار نے کہا کہ ریاست میں بلدی انتخابات کے سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جا چکی ہے اور ان حالات میں انتخابی عملہ کو یومیہ اساس پر اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھنی چاہئے ۔ چیف سیکریٹری نے پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار کے ہمراہ کانفرنس کے دوران کہا کہ جن نئی بلدیات اور کارپوریشنوں میں انتخابات عمل میں لائے جا رہے ہیں ان مقامات پر خصوصی توجہ مرکوز کئے جانے کی ضرورت ہے کیونکہ ان بلدیات اور کارپوریشنوں کے قیام کے بعد اب جو صورتحال ہے ان علاقوں میں نئی بلدیات بنیں گی۔انہو ںنے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اضلاع میں انتخابی عہدیداروں کی تربیت ‘اسٹرانگ رومس اور امن و امان کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں تاکہ کسی بھی طرح کی بد امنی کی صورت میں حالات پر فوری قابو پانے کیلئے تیار رہا جاسکے ۔انہو ںنے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ انتخابی عمل کا حصہ عہدیدارو ںکی رخصت کو منسوخ کیا جائے اور کسی کی بھی رخصت کو بلاضرورت شدید منظور نہ کیا جائے کیونکہ انتخابی عمل کے دوران عہدیداروں کی رخصت کو منظور کئے جانے سے اس کے دیگر ملازمین پر منفی اثرت مرتب ہوتے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ بلدی انتخابات ہی نہیں بلکہ ہر انتخابات میں ضلع کلکٹرس کا اہم کردار ہوتا ہے لیکن بلدی انتخابات میںان کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے کیونکہ بلدی انتخابات کے دوران بیشتر امور ضلعی سطح پر ہی حل کئے جانے ہوتے ہیں اور ان امور کی نگرانی ضلع کلکٹرس پر ہی عائد ہوتی ہے اسی لئے ضلع ضلع کلکٹرس کو بہت زیادہ چوکس اور چوکنا رہنے کی ضرورت ہے‘ اسی لئے ضلع کلکٹرس کو اپنے ماتحتین اور امن وضبط کی برقراری کیلئے تعینات عہدیداروں سے بہتر تال میل یقینی بنائے رکھنے کے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔