بھٹی وکرمارکا کا دعویٰ، کارکنوںکی محنت پر مبارکباد
حیدرآباد ۔13 ۔ فروری (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے بلدی انتخابی نتائج کو حکومت کی کارکردگی کو عوام کی منظوری سے تعبیر کیا اور کہا کہ کارپوریشنوں اور میونسپلٹیز میں اکثریتی نشستوں پر کانگریس کو کامیاب کرتے ہوئے عوام نے کارکردگی کو سراہا ہے ۔ بھٹی وکرمارکا نے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی دو سالہ کارکردگی کو عوام نے اپنے فیصلہ سے منظوری دی ہے ۔ دو برسوں میں حکومت نے نہ صرف انتخابی وعدوں کی تکمیل کی بلکہ نئی فلاحی اسکیمات کو متعارف کرتے ہوئے ہر شعبہ کی معاشی صورتحال کو بہتر بنایا ہے۔ تلنگانہ پر قرض کے بھاری بوجھ کے باوجود حکومت نے فلاحی و ترقیاتی اسکیمات میں کوئی کمی نہیں کی۔ نتیجہ سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ حکومت کو عوام کی تائید حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ، صحت ، روزگار اور انفراسٹرکچر کے شعبہ جات میں حکومت نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ شفاف ، نظم و نسق اور متحدہ قیادت کے ذریعہ حکومت نے کارکردگی کو بہتر بنایا ۔ بھٹی وکرمارکا نے پارٹی کارکنوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کامیابی کا سہرا کارکنوں کے سر جاتا ہے ، جنہوں نے حکومت کی اسکیمات کو عوام تک پہنچایا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ کامیابی سے حکومت کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوچکا ہے اور عوام کیلئے فلاحی اسکیمات پر مزید موثر انداز میں عمل کیا جائے گا۔1