بلدیاتی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی عوامی اعتماد کی مہر :ڈپٹی چیف منسٹر

   

شفاف حکمرانی ، فلاحی اسکیمات سے عوام پوری طرح مطمئن، ریاست کو تین ٹریلین ڈالر معیشت بنانے کا نشانہ
حیدرآباد ۔16 ۔ فروری (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے بلدیاتی انتخابات میں کانگر یس کی کامیابی کو عوامی اعتماد کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جیت ریاست میں شفاف حکمرانی ، ترقیاتی کاموں اور فلاحی اسکیمات پر عوام کے اعتماد کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے مدھیرا میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ کانگریس کو صرف دیہی پارٹی کے طور پر پیش کرتے تھے، بلدیاتی انتخابات کے نتائج ان کے لئے واضح جواب ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست بھر میں تقریباً 90 تا 95 بلدیات میں کانگریس کی کامیابی ایک تاریخی فتح ہے ۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ جس طرح اسمبلی ، پارلیمنٹ اور پنچایت انتخابات میں عوام نے کانگریس پر اعتماد ظاہر کیا تھا ، اسی سلسلہ کو بلدیاتی انتخابات میں بھی برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے کانگریس کی کامیابی پر تمام رائے دہندوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج حکومت پر عوام کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں ریاستی کابینہ نے ترقی اور فلاح و بہبود کے درمیان توازن کو قائم رکھنے کیلئے اجتماعی طور پر کام کیا ہے ۔ شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کی گئی ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ ریاست کی عوام کانگریس حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہے۔ حالیہ انتخابی نتائج اس کا ثبوت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ریاست کے طویل مدتی معاشی ویژن کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 2047 تک تلنگانہ کو تین ٹریلین ڈالر کی معاشیات بنانے کا مختص کیا ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ ریاست کا مقابلہ صرف ملک کی دیگر ریاستوں سے نہیں بلکہ دنیا کے ترقیاتی ممالک سے ہے۔ 2047 ویژن دستاویزات کے ذریعہ تلگو کو عالمی اقتصادی مرکز بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ حکومت پرامید ہے کہ اس جامع منصوبہ بندی سے ریاست میں ترقی ، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقعوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بلدیہ کے انتخابات میں کامیابی حکومت کی کارکردگی کی توثیق ہے اور آئندہ برسوں میں حکومت کی جانب سے ترقیاتی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ ریاست کو عالمی معیار کی معیشت میں تبدیل کیا جاسکے۔2