48.15 کروڑ روپئے کے تخمینی بجٹ کو منظوری، اردو میں ایجنڈہ نہ پیش کرنے پرارکان کی برہمی
سنگاریڈی 19 ؍مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بلدیہ سنگاریڈی کا سالانہ بجٹ اجلاس شریمتی بی وجئے لکشمی چیرمین بلدیہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں بلدیہ سنگاریڈی کا سال 2020-21 کیلئے 48.15 کروڑ روپئے کے تخمینہ بجٹ کو پیش کر تے ہوئے منظور کیا گیا ۔ اجلاس میں مسٹر راجہ ہر شاہ اڈیشنل کلکٹر لو کل باڈیز ‘شریمتی ایس ۔ لتا وجیندر ریڈی وائس چیرمین بلدیہ ‘ جناب محمد امتیاز احمد انچارج کمیشنر بلدیہ اور اراکین بلدیہ نے شرکت کی ۔اجلاس میں بجٹ پر گرما گرم بحث ہوئی اور اراکین بلدیہ نے مختلف امور پر اپنے اعتراضات اور نا راضگی کا اظہار کیا ۔ جناب محمد امتیازاحمد انچارج کمیشنر بلدیہ سنگاریڈی نے اجلاس کو بتا یا کہ 48.15 کروڑ روپئے تخمینہ بجٹ میں سے 48.09 کروڑ روپئے مختلف مدات پر صرف ہو نگے جبکہ 5.99 کروڑ روپئے فاضل بجٹ ہو نے کی تو قع ہے ۔ بلدیہ کو 24.75 کروڑ روپئے مختلف محاصل اور ذرائع سے وصول ہو نگے ۔ جبکہ 23.40 کروڑ روپئے کی گرانٹس کی صورت میں رقم حاصل ہو گی ۔48.15 کروڑ روپئے کے تخمینہ بجٹ میں سے 24.69 کروڑ روپئے بلدیہ کے شعبہ ریو نیو‘ انجینئرنگ ‘ ٹائون پلا ننگ ‘ سائنیٹشین ‘ ملا زمین کی تنخواہیں ‘ برقی بلس و دیگر اخراجات کی پا بجا ئی پر خرچ ہو نگے ۔ مسٹر راجہ شری شاہ اڈیشنل کلکٹر لو کل با ڈیز نے کو نسل سے کہا کہ وہ متحدہ طور پر شہر سنگاریڈی کے عوامی مسائل کی یکسوئی اور شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے مقدور بھر سعی کریں ۔ اراکین بلدیہ کی شکایتوں کا جائزہ لیا جائیگا اور اس کے ازالہ کیلئے اقدامات کئے جائینگے۔ اجلاس میں محترمہ نا ظمہ تبسم ‘ شیخ عارف ‘ ایم اے سمیع نے اردو میں ایجنڈہ کی عدم فراہمی پر شدید احتجاج کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے اس کے باوجود اردو زبان میں ایجنڈے کی عدم فراہمی بلدی حکام کی جانب سے اردو زبان کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے بلدیہ اجلاس کی اردو صحافت کو اطلاع نا دینے کی بھی مذمت کی ۔ نرملا جگاریڈی ‘ شیخ صابر ‘ حافظ شیخ شفیع اور دیگر اراکین بلدیہ نے سنگاریڈی میں غیر مجاز پلا ٹنگ ‘ صاف صفائی کے نا قص انتظامات ‘ پینے کے پانی کی عدم سربراہی و دیگر مسائل پیش کئے ۔ اجلاس میں ٹی آر ایس ‘ کانگریس ‘مجلس ‘ بی جے پی اور آزاد اراکین بلدیہ نے مختلف مسائل پیش کئے ۔محترمہ ناظمہ تبسم رکن بلدیہ نے مزید کہا کہ وارڈ نمبر 38 محلہ اوپر بازار سنگاریڈی میں واٹر ٹینک کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے البتہ پائپ لائن کا کا م زیر التواء ہے ۔ اس واٹر ٹینک کو پائپ لائن کنکشن دینے کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر محمد سہیل علی ٹی آر ایس رکن بلدیہ و دیگر اراکین بلدیہ کے علاوہ بلدی عہدید ار موجود تھے۔