بلدیہ میدک کا پہلا کونسل اجلاس ، گرما گرم مباحث

   

بلالحاظ سیاسی وابستگی بلدی اُمور کو انجام دینے کا تیقن ، چیرپرسن و رکن اسمبلی کا خطاب
میدک ۔ 10 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بلدیہ میدک کی گورننگ باڈی کا پہلا کونسل اجلاس چیرپرسن کے رادھیکا کی زیرصدارت بلدیہ کے میٹنگ ہال میں منعقد ہوا ۔ کمشنر بلدیہ میدک مسٹر سرینواس ریڈی کی زیرنگرانی منعقدہ اس اجلاس میں رکن اسمبلی میدک ڈاکٹر مائنم پلی روہت راؤ ، ایم ایل سی انجی ریڈی نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر منتخب کونسلرس نے عوامی مسائل اور بلدی انتظامیہ سے متعلق اُمور پر اظہارِ خیال کیا۔ ارکان نے گزشتہ تین یوم سے ٹاؤن میں مشن بھگیرتا پانی کی سربراہی میں خلل ، نظام صفائی ، سڑکوں کی مرمت ، بورویلس کی مرمت اور دیگر شہری سہولتوں کی فراہمی کے مسائل کے نشاندہی کرتے ہوئے فوری حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ مسٹر غوث قریشی کونسلر بی آر ایس نے حکمراں جماعت یعنی بلدی عہدیداروں پر الزام لگایا کہ واٹر ٹینکر کے ذریعہ پانی کی سربراہی میں سوتیلا طرز عمل اختیار کیا جارہا ہے ۔ جس پر کانگریسی کونسلرس وینکٹ رمنا اور منصور احمد نے مخالفت کی ۔ اس مسئلہ کو لے کر کونسل میں گرما گرم مباحث ہوئے ۔ چیرپرسن رادھیکا نے کہا کہ یہاں سیاسی مفادات کو سامنے نہ لائیں۔ عوامی مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے بلا لحاظ سیاسی وابستگی بلدیہ کے اُمور کوموثر اور شفاف انداز میں انجام دیا جائیگا ۔ کونسلر آعظم پورہ مسٹر زبیر احمد نے فوری طورپر اضافہ شدہ امکنہ ٹیکس کے فیصلہ کو واپس لینے کا پرزور مطالبہ کیا ۔ اس طرح انھوں نے اپنے وارڈ (9) میں آنگن واڑی مراکز کے قیام کا بھی مطالبہ کیا جس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے رکن اسمبلی میدک مائنم پلی روہت راؤ اور ایم ایل سی انجی ریڈی نے میونسپل کمشنر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں پر امکنہ ٹیکس اضافہ کا بوجھ نہ ڈالا جائے ۔ رکن اسمبلی نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے خواتین کو ’’ویمنس ڈے ‘‘ کی مبارکباد پیش کی و نیز مسلمانوں کو عیدالفطر کی پیشگی مبارکباد پیش کی ۔ قوت اسلام وارڈ نمبر 7 کی کونسلر شمس النساء امجد نے ٹاؤن کے غیرکارکرد اُردو بھون کی مرمت کرکے مسلمانوں کے حوالے کردینے کا مطالبہ کیا اور اپنے وارڈ میں سی سی سڑکوں کی تعمیر کا مطالبہ کیا ۔ کونسلر وارڈ 25 مسٹر خواجہ سہیل محی الدین نے میدک ٹاؤن کے گاندھی نگر میں موجود جدید عیدگاہ کی ترقی کے لئے فنڈس کی منظوری اور رمضان کے پیش نظر ٹاؤن کی تمام مساجد کے قریب نظام صفائی اور روشنی کے انتظام کا مطالبہ کیا ۔ کونسلر بٹی اودئے کمار نے نیومارکٹ کے علاقہ میں تعمیرشدہ راعیتو بازار کو شروع کرنے کا مطالبہ کیا اور انھوں نے ٹاؤن کی بیف مارکٹ میں سربراہی آب کے لئے بورویل کی تنصیب کا مطالبہ کیا۔ کونسلر رشید کالونی وارڈ نمبر 12 نسرین بیگم نے اپنے بلدی مسائل پر بحث کی ۔ وارڈ 26 کونسلر دیپک کمار نے اپنے وارڈ میں آنگن واڑی عمارت کی تعمیر کا مطالبہ کیا ۔ کونسلر رحیم آباد وارڈ 10 سی ایچ لکشمی سواراگنی نے موسم گرما کے پیش نظر غیرکارکرد بورویلس کی مرمت پر زور دیا ۔ کونسلر مانا سا سائی ، نارکھیلا اور دیگر نے مباحث میں حصہ لیتے ہوئے اپنے اپنے بلدی مسائل کے حل کی مانگ کی ۔ اس دوران چیرپرسن رادھیکا نے کہا کہ بلا لحاظ سیاسی وابستگی ٹاؤن کے تمام حلقوں میں ترقیاتی کام انجام دینا میرا نصب العین ہے ۔ اس اجلاس میں نائب صدرنشین ڈی نریش ، کونسلرس اے شیکھر ، کے ہریتا ، کے للیتا ، سندھیا ، شیواراما کرشنا ، انیس فاطمہ ، ڈی لکشمی ، پی راجا منی ، پی شیشانک ، ایم شروتی ، مایا گنگا منی کے علاوہ منیجر بلدیہ محترمہ بھوانی ، ڈپٹی ای ای مہیش ، بلڈنگ انسپکٹرس بھویت ، پربھاکر بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں تحصیلدار میدک لکشمن بابو نے نومنتخب چیرپرسن رادھیا۔ وائس چیرمین نریش اور رکن اسمبلی ماائنم روہت راؤ ، ایم ایل سی انجی ریڈی کو تہنیت پیش کی ۔