بلدیہ و واٹر بورڈ میں 650 ملازمین کی بحالی

   

اکتوبر میں جز وقتی ملازمین کی اچانک برطرفی ، احتجاج کے بعد فیصلہ واپس
حیدرآباد: جی ایچ ایم سی اور حیدرآباد میٹرو واٹر سیوریج بورڈ نے حال ہی میں ملازمت سے برطرف کئے گئے تقریباً 650 ملازمین کو دوبارہ بحال کرنے اتفاق کرلیا ہے ۔ ملازمین کے احتجاج کے بعد دونوں اداروں نے اکتوبر میں ملازمت سے علحدہ کئے گئے افراد کو واپس لینے سے اتفاق کرلیا کیونکہ کسی نوٹس کے بغیر ان کی خدمات ختم کردی گئی تھی۔ مینجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو واٹر بورڈ دانا کشور نے تصدیق کی کہ برطرف ملازمین کی خدمات بحال کی جارہی ہے ۔ دونوں اداروں کی جانب سے برطرف کئے گئے ملازمین کو رجوع بکار ہونے کی اجازت دی گئی ۔ تاہم بتایا جاتا ہے کہ بعض ملازمین نے دیگر اداروں میں روزگار حاصل کرلیا ہے۔ دانا کشور نے کہا کہ خدمات سے علحدہ کئے گئے تمام ملازمین کو واپس لیا جائے گا ۔ انہیں برطرفی سے قبل کی تنخواہ اور عہدہ پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ان ملازمین کو ماہانہ 8 تا 10 ہزار روپئے تنخواہ ادا کی جاتی تھی اور یکم اکتوبر کو انہیں اچانک برطرف کردیا گیا تھا۔ جی ایچ ایم سی اور حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کے درمیان تال میل کی کمی کے نتیجہ میں یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ ان ورکرس کی خدمات صفائی کے کاموں کے لئے استعمال کی جاتی رہی ہے۔ دیپاولی کے موقع پر ملازمین کی بحالی کے فیصلہ سے ان کے خاندانوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ۔