نئی دہلی۔ 18 مارچ (ایجنسیز) سال2002 کے بہیمانہ گجرات فسادات کے دوران پیش آئے بلقیس بانو مقدمہ میں ایک نئی بات سامنے آئی ہے۔ سپریم کورٹ نے اس مقدمہ میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے دو مجرموں کی جانب سے دائر اپیل کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے گجرات اور مہاراشٹرا کی حکومتوں کو نوٹس جاری کیا ہے۔جسٹس راجیش بندال اور جسٹس وجئے بشنوئی پر مشتمل بنچ نے بپن چند کنہیا لال جوشی اور پردیپ رامان لال مودییا کی اپیل پر سماعت کرتے ہوئے دونوں ریاستوں سے جواب طلب کیا اور آئندہ سماعت 5 مئی 2026 کو مقرر کی۔یہ اپیل بامبے ہائیکورٹ کے 4 مئی 2017 کے فیصلے کو چیلنج کرتی ہے، جس میں 11 ملزمان کو دی گئی عمر قید کی سزا کو برقرار رکھا گیا تھا۔ ان پر قتل، ہنگامہ آرائی اور اجتماعی عصمت ریزی جیسے سنگین جرائم ثابت ہوئے تھے۔یہ کیس اس وقت کا ہے جب 27 فروری 2002 ء کو گجرات میں فسادات بھڑک اٹھے تھے۔ اس دوران بلقیس بانوجو اُس وقت حاملہ تھیں، پر شدت پسند درندوں کے ایک ہجوم نے حملہ کردیا تھا، ان کے اہل خانہ کو قتل کیا اور ان کیساتھ اجتماعی زیادتی کی۔