اسلام آباد: حکام کے مطابق یہ حادثہ جمعے کے صبح چار بجے خضدار سے تقریباً 40 کلو میٹر کے فاصلے پر کھوڑی کے علاقے میں پیش آیا۔ مسافر بس میں زائرین خضدار سے سندھ کے شہر دادو واپس جا رہے تھے۔ زائرین صوفی بزرگ پیر عبد القادر کے مزار پر عرس میں شرکت کیلئے آئے تھے۔لیویز کے مطابق صبح جب زائرین کا قافلہ واپس دادو کیلئے روانہ ہوا تو کھوڑی کے مقام پر مسافر بس کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجہ میں 15 افراد موقعے پر ہی ہلاک ہوئے۔حادثے میں زخمی ہونے والے 44 افراد کو سول ہاسپٹل خضدار منتقل کیا گیا۔ ادھر شدید زخمی ہونے والے چھ زائرین کو خضدار سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ کوئٹہ کے سی ایم ایچ ہاسپٹل بھی منتقل کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔