بلیک فنگس ادویات کے نام پر دھوکہ سے بچیں

   

سائبر آباد پولیس کی عوام سے اپیل ۔ ایک شخص 8 لاکھ روپئے سے محروم
حیدرآباد۔ سائبر آباد پولیس نے شہریوں سے کہا کہ بلیک فنگس ادویات کے نام پر ہونے والی دھوکہ دہی سے بچیں۔ پولیس نے کہا کہ دھوکہ باز کورونا وباء کا فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادہ طلب والی ادویات فراہم کرنے کے نام پر دھوکہ دے رہے ہیں۔ سائبر آباد پولیس نے گچی باولی کے ایک شہری کی جانب سے شکایت درج کروائے جانے کے بعد عوام کو ہوشیار رہنے کو کہا ہے ۔ شکایت میں ایک شخص نے بتایا کہ بلیک فنگس ادویات کی فراہمی کے نام پر اسے 8 لاکھ روپئے کا دھوکہ دیا گیا ہے ۔ اس نے آن لائین ایک سائیٹ سے ادویات خریدی کی کوشش کی تھی ۔ اس نے جب واٹس ایپ پر رابطہ کرتے ہوئے ادویات کے تعلق سے پتہ کیا تو اسے بتایا گیا کہ وہ آن لائین ادائیگی کرے۔ اسے حیدرآباد میں تین گھنٹوں میں فلائیٹ کورئیر سے ادویات فراہمی کا تیقن دیا گیا تھا ۔ دھوکہ باز نے 60 انجکشن کیلئے 8.32 لاکھ روپئے طلب کئے اور اپنا بینک اکاونٹ نمبر دیا ۔ متاثرہ شخص نے یہ رقم منتقل کردی تاہم ادویات نہیں پہونچیں۔ جب اس نے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی تو جواب نہیں دیا گیا ۔ دھوکہ کا احساس ہونے پر اس شخص نے پولیس میں شکایت درج کروائی ۔ سائبر آباد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ آن لائین دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہیں۔