گاندھی ہاسپٹل میں 400 ، ای این ٹی ہاسپٹل میں 550 اور سروجنی ہاسپٹل میں 110 مریض زیر علاج
حیدرآباد۔ ریاست میں کورونا کیسوں میں بتدریج کمی آرہی ہے مگر بلیک فنگس کے کیس کم نہیں ہورہے ہیں ۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ موجودہ متاثرین میں 50 فیصد کو آپریشن کی ضرورت ہے۔ فی الحال گاندھی ہاسپٹل میں 400 ، کوٹھی ای این ٹی ہاسپٹل میں 550 اور سروجنی آئی ہاسپٹل میں 110 مریض زیر علاج ہیں۔ گاندھی ہاسپٹل میں یکم جون سے ابھی تک روزانہ 200 تا 300 مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔ گاندھی ہاسپٹل میں کورونا کے بعد بلیک فنگس کا شکار ہونے والوں کو شریک کیا جارہا ہے۔ ضعیف افراد کے فوری آپریشن کئے جارہے ہیں۔ ای این ٹی شعبہ کے سربراہ پروفیسر شوبھن بابو کی نگرانی میں ڈاکٹرس کی ٹیم آپریشنس کررہی ہے۔ گاندھی ہاسپٹل میں بلیک فنگس سے متاثر 400 افراد شریک ہوئے جن میں 250 کا آپریشن کیا گیا۔ جون میں 63 آپریشن کئے گئے جن میں اکثریت جبڑے اور آنکھوں کے آپریشن کی ہے۔ بہت کم افراد کے دماغ کی سرجری کی گئی ۔ ای این ٹی ہاسپٹل میں بھی بلیک فنگس متاثرین کی قطار ہے۔ بعض وقت تو ہاسپٹل میں بیڈس دستیاب نہیں ہورہے ہیں۔ متصل جی ایچ ایم سی کامپلکس میں 60 بیڈس کا انتظام کیا گیا ۔ یہاں ابھی تک 550 سے زائد مریضوں نے علاج کرایا ہے جن میں 300 کی سرجری کی گئی ۔ زیادہ تر ناک اور جبڑوں کا آپریشن کیا گیا ۔ فی الحال 189 مریض زیر علاج ہیں۔ بلیک فنگس آنکھوں میں پھیل جانے کے 110 مریض سروجنی ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں ان میں 20 تا 25 کا آپریشن کیا گیا جن میں 13 مریضوں کی ایک آنکھ نکال دی گئی ہے۔