نئی دہلی دہلی ۔ 13 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر ظہیرخان نے کہا ہیکہ نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز کے دوران ہندوستان کے نمبر ایک فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو اپنی بولنگ میں مزید جارحانہ ہونے کے علاوہ انہیں جوکھم بھی لینا ہوگا۔ بمراہ جنہیں نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ اختتام پذیر تین مقابلوں کی ونڈے سیریز میں ایک بھی وکٹ نہیں ملی جس کی بدولت انہیں آئی سی سی کی ونڈے درجہ بندی میں پہلا مقام گنوانا پڑا۔ بمراہ جوکہ زخمی ہونے کی وجہ سے گذشتہ برس چار مہینے کرکٹ سے دور تھے جس کے بعد انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف تین مقابلوں کی ونڈے سیریز میں 30 اوورس کی بولنگ کی اور جس میں 167 رنز دیئے۔ ظہیرخان نے کہا کہ حریف بیٹسمین اب بمراہ کا سامنا کرتے وقت کافی محتاط ہوچکے ہیں اور انہیں وکٹ نہ دیتے ہوئے دوسرے بولروں پر دباؤ بنانے کی حکمت عملی اختیار کرچکے ہیں لہٰذا ضروری ہیکہ بمراہ کو مزید جارحانہ بولنگ کرنے کے علاوہ جوکھم بھی لینا ہوگا ۔ ظہیر کے بموجب حریف ٹیم یہ منصوبہ بنارہی ہیکہ بمراہ کے خلاف وکٹ کا نقصان نہ کرتے ہوئے 35 رنز بھی بنا لئے جائیں تو دوسرے بولروں پر دباؤ ڈالا جاسکتا ہے۔