ایک شخص ہلاک ، دو شدید زخمی ، جائے حادثہ پر دلخراش منظر
کوڑنگل : مخالف سمت سے آنے والی دو تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے تصادم میں ایک شخص ہلاک اور دو شدید زخمی ہوگئے تفصیلات کے بموجب گزشتہ روز بمرس پیٹھ منڈل کے تحت دودھپال گیٹ کے دامن میں یہ حادثہ پیش آیا ۔ سب انسپکٹر پولیس نعیم الدین کی بتائی ہوئی تفصیلات کے بموجب کوڑنگل منڈل کے نمائندہ موضع حسن آباد کا متوطن بوئنی شراون کمار 23 سالہ اپنے بہنوئی کے دِن وار کرنے کیلئے ساز و سامان لئے ہوئے موٹر سائیکل پر آرہا تھا ، دوسری طرف موٹر سائیکلپر اُسی مقام سے وابستہ چیٹو کندی اشکو ، شیکھر کوسگی منڈل میں کوچنگ کے لئے جارہے تھے ۔ اس دوران کوڑنگل محبوب نگر شاہراہ پر منڈل کے تحت دودھیان گیٹ کے قریب مخالف سمت سے آنیوالی دو موٹر سائیکلوں میں تصادم ہوگیا ۔ اس حادثہ میں شدید زخمی ہونے والے بوئنی شراون کمار کو کوڑنگل دواخانہ لیجایا گیا ۔ حالت انتہائی نازک ہونے کی وجہ سے محبوب نگر دواخانہ منتقلی کے دوران راستہ میں ہی موت واقع ہوگئی ۔ دوسری موٹر سائیکل پر سوار چیٹو کندی اشوک کا پیر ٹوٹ گیا ۔ شیکھر کے سر پر شدید چوٹیں آنے کی وجہ حیدرآباد کاچیگوڑہ میں ایک خانگی دواخانہ میں علاج چل رہا ہے ۔ مہلوک شراون کمار کو بیوی اکھیلا ، چار ماہ کا لڑکا ہے ۔ مہلوک کے ضعیف والد بوئنی نرسملو کی درخواست پر کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔