بنڈارودتاتریہ کے الائی بلائی پروگرام کا سی پی آئی قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا نے بائیکاٹ کیا

   

پروفیسر سائی بابا کی موت کو سرکاری قتل قرار دیا، ریاستی سکریٹری سامبا سیوا کی پروگرام میں شرکت
حیدرآباد۔/13 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ کی جانب سے ہر سال منعقد کئے جانے والے الائی بلائی پروگرام کا سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے بائیکاٹ کیا جبکہ پارٹی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے شرکت کی۔ پروفیسر سائی بابا کے دیہانت پر ڈاکٹر کے نارائنا نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ طبعی موت نہیں بلکہ سرکاری ہلاکت ہے۔ ڈاکٹر کے نارائنا نے بنڈارو دتاتریہ کو مکتوب روانہ کیا اور الائی بلائی پروگرام میں شرکت کیلئے مدعو کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال سیاسی وابستگی سے بالا تر ہوکر یہ پروگرام منعقد کیا جارہا ہے جس میں تمام سیاسی پارٹیوں کے قائدین شرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے پروفیسر سائی بابا کے دیہانت کا حوالہ دیا اور کہا کہ مرکزی حکومت کی جہد کاروں کے خلاف پالیسی کے تحت پروفیسر سائی بابا دس سال تک کسی جرم کے بغیر جیل میں رہے بعد میں عدالت نے انہیں بے قصور قرار دیا۔ جیل سے رہائی کے بعد حیدرآباد میں پروفیسر سائی بابا کا علاج جاری تھا۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ مرکز کے ظالمانہ رویہ کے نتیجہ میں سائی بابا کی موت واقع ہوئی ہے اور یہ طبعی نہیں بلکہ سرکاری قتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں سائی بابا کی ارتھی کو رکھتے ہوئے خوشی کی تقریب میں شرکت کرنا میرے لئے اخلاقی حق نہیں ہے لہذا میں اس تقریب کے دعوت نامہ کو مسترد کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بنڈارو دتاتریہ گورنر ہریانہ کی حیثیت سے مرکزی حکومت کے نمائندہ ہیں اور وہ مرکزی حکومت کی پالیسی اور جہد کاروں کو کچلنے کی کوششوں کے خلاف ہیں لہذا وہ مرکزی حکومت کے کسی نمائندہ کی دعوت پر شرکت نہیں کریں گے۔ ڈاکٹر نارائنا نے مکتوب کے علاوہ ویڈیو پیام بھی جاری کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پروفیسر سائی بابا اور دیگر جہد کاروں کو بے بنیاد الزامات کے تحت مقدمات میں پھنسایا گیا۔ دوسری طرف سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے نمائش میدان میں منعقدہ الائی بلائی پروگرام میں شرکت کی اور وہاں موجود قائدین سے ملاقات کی۔ سامبا سیوا راؤ نے الائی بلائی پروگرام کے انعقاد پر بنڈارودتاتریہ کو مبارکباد پیش کی۔1