بنڈلہ گوڑہ میں دن دہاڑے نوجوان کے قتل کی واردات

   

حیدرآباد۔/6 فروری، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ بنڈلہ گوڑہ میں آج شام قتل کی سنگین واردات پیش آئی۔ ایک نوجوان کے قتل کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ قتل کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس کے اعلیٰ عہدیدار اندرا نگر بنڈلہ گوڑہ پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔ مقتول کی شناخت شہباز کی حیثیت سے کرلی گئی جو مقامی بتایا گیا ہے۔ شہباز پیشہ سے ڈرائیور تھا اندرا نگر علاقہ میں واقع شمشان کے قریب چند افراد مئے نوشی اور خمار بازی میں مصروف رہتے ہیں ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق شہباز اپنے ساتھیوں سے ملاقات کیلئے اکثر یہاں آیا کرتا تھا آج شام بھی شہباز اندرا نگر پہنچااور پھر اس کا قتل کردیا گیا ۔ واقعہ کی اطلاع پاکر ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ ویسٹ زون مسٹر کانتی لعل بنڈلہ گوڑہ پہنچ گئے اور دورہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس نے بتایا کہ قتل کی واردات کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ قاتلوں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق جس کی پولیس نے تصدیق نہیں کی شہباز پر اس کے ساتھی نے حملہ کیا۔ مئے نوشی کے دوران بحث و تکرار کے بعد قتل کی واردات پیش آئی اور قاتل کی شناخت ہاشم کی حیثیت سے کی گئی اور ہاشم پر شہباز کے قتل کا الزام ہے۔ یہاں اس بات کا ذکر بیجا نہ ہوگا کہ شہر میں چوکسی کا دعویٰ کرنے والی پولیس ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ تلاشی کے نام پر شہریوں کو پریشان کرتی ہے اور رات کے اوقات کارروائی کے نام پر ٹھیلہ بنڈی اور فٹ پاتھ کاروباریوں کے خلاف کارروائی کرتی ہے اور اپنی اصل ذمہ داری جرائم پر قابو پانے میں ناکام ہورہی ہے جس کی مثال بنڈلہ گوڑہ قتل واردات ہے ۔ع