بی جے پی سے زیادہ شخصیت کی کامیابی، کانگریس کی شکست توقع کے مطابق
حیدرآباد۔/2نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ اور کریم نگر ضلع کے سینئر قائد پونم پربھاکر نے کہاکہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے حضورآباد میں ایٹالہ راجندر کی کامیابی نہیں چاہتے تھے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ حضورآباد ضمنی چناؤ کی کامیابی بی جے پی کی نہیں بلکہ ایٹالہ راجندر کی شخصی کامیابی ہے۔ کامیابی کے بعد بنڈی سنجے اسے پارٹی کی جیت قرار دے رہے ہیں حالانکہ وہ راجندر کی جیت کے حق میں نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد کا نتیجہ توقع کے عین مطابق ہے۔ راجندر کو جس طرح غیر جمہوری انداز میں کابینہ سے برطرف کیا گیا اس مسئلہ کو پوری شدت کے ساتھ عوام میں پیش کیا گیا۔ حلقہ میں حکومت کی جانب سے ووٹ حاصل کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات پر عوام میں ناراضگی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایٹالہ راجندر نے انتخابی مہم کے دوران کہیں بھی خود کو بی جے پی امیدوار کے طور پر پیش نہیں کیا۔ کانگریس کی شکست توقع کے مطابق رہی۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ اتم کمار ریڈی نے پردیش کانگریس کے صدر کی حیثیت سے کوشک ریڈی کے حق میں غیر معمولی ہمدردی کا مظاہرہ کیا جس سے کانگریس پارٹی کو نقصان ہوا۔ ریونت ریڈی نے صدر پردیش کانگریس کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد اس نقصان کی پابجائی کی کوشش کی لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی۔ر