مرکزی مملکتی وزیر ریونت ریڈی کی دی گئی اسکرپٹ پڑھ رہے ہیں: داسوجو شراون
حیدرآباد۔ 23 جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ایم ایل سی داسوجو شراون نے مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے اشاروں پر کٹھ پتلی کی طرح ناچ رہے ہیں۔ آج تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے داسوجو شراون نے کہا کہ فون ٹیاپنگ کیس ایک من گھڑت معاملہ ہے جسے ایک بچہ بھی سمجھ سکتا ہے۔ حکومت اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے اور اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے والی بی آ رایس پارٹی کے قائدین کو ڈرانے دھمکانے کے لئے ایک منظم سازش کے تحت انہیں جھوٹے الزامات میں پھنسانے کی کوشش کررہی ہے۔ اس سیاسی کھیل میں کانگریس اور بی جے پی کے قائدین متحد ہوگئے اور بی آر ایس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہوکر بی آر ایس حکومت کو بدنام کرنے کے ساتھ ساتھ بی آر ایس کے قائدین کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا رہے ہیں۔ مرکزی مملکتی وزیر بنڈی سنجے کے حالیہ بیانات سے صاف ظاہر ہے کہ وہ وہی اسکرپٹ پڑھ رہے ہیں جو چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ڈاؤس سے بھیجی تھی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا بنڈی سنجے نے سرسلہ میں فون ٹیاپنگ سے متعلق خود کچھ دیکھا ہے، یا صرف سنی سنائی باتوں پر بیان بازی کررہے ہیں۔ شراون نے کہا کہ جب وزیر اعظم نریندر مودی خود کہہ چکے ہیں کہ تلنگانہ میں ’’آر آر‘‘ ٹیکس نافذ ہے تو کیا بنڈی سنجے یہ بات سننے کے لئے بھی تیار نہیں؟ بی آر ایس ایم ایل سی نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بنڈی سنجے کی جانب سے فارم ہاوز سے اے آئی سی سی کو فنڈس منتقل ہونے کے الزامات کو مسترد کردیا۔ انہوں نے بنڈی سنجے کو چیالنج کیا کہ ان کے پاس سنٹرل انٹلی جنس ہے۔ اگر کوئی ثبوت ہے تو اس کے ذریعہ تحقیقات کرائے ورنہ غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے سے گریز کریں۔ 2