بنڈی سنجے کی تبدیلی سے بی جے پی ہائی کمان کا انکار

   

ناراض قائدین کا دباؤ قبول نہیں، جے پی نڈا کا 25 جون کو دورہ تلنگانہ
حیدرآباد ۔15 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں بی جے پی نے ناراض سرگرمیوں اور پارٹی صدر کی تبدیلی کے لئے احکامات پر دباؤ کے دوران ہائی کمان نے بنڈی سنجے کی تبدیلی سے انکار کیا ہے ۔ تلنگانہ میں بی جے پی انچارج ترون چگ نے وضاحت کی کہ پارٹی صدر بنڈی سنجے کو تبدیل کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اسمبلی انتخابات تک پارٹی صدارت میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا 25 جون کو تلنگانہ کا دورہ کریں گے ۔ وہ ناگر کرنول میں پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ ترون چگ کے مطابق عنقریب مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ کو قطعیت دی جائے گی جو گجرات میں طوفان کے سبب ملتوی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین متحدہ طور پر اسمبلی انتخابات کا سامنا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لئے تلنگانہ میں بہتر مواقع ہیں۔ بی جے پی کی مقبولیت میں اضافہ سے بی آر ایس اور کانگریس بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ ترون چگ نے کہا کہ چیف منسٹر بہار نتیش کمار کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں کانگریس کے ساتھ تلنگانہ چیف منسٹر کے سی آر شرکت کریں گے ۔ انہوں نے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے اس معاملہ میں وضاحت کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بی آر ایس اور کانگریس میں مفاہمت واضح ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سے مقابلہ کیلئے دونوں پارٹیاں متحد ہوچکی ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی بی آر ایس کی بی ٹیم کا رول ادا کر رہی ہے۔ر