بنڈی سنجے کی روزگار کیلئے ہڑتال موقع پرستی : کے ٹی راما راؤ

   

حیدرآباد 26 ڈسمبر ( این ایس ایس ) وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی راما راؤ نے آج بی جے پی کے ریاستی صدر و رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ روزؑار کے مسئلہ پر جو ہڑتال کرنا چاہتے ہیں وہ موقع پرستی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملازمتوں کیلئے ہڑتال نہیں بلکہ موقع پرستی کی سیاست ہے ۔ انہوں نے سنجے کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان سے کہا ہے کہ وہ دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج منظم کریں اور مرکزی حکومت سے وعدہ کے مطابق روزگار فراہم کرنے کو کہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے انتخابی مہم میں وعدہ کیا تھا کہ سالانہ دو کروڑ روزگار فراہم کئے جائیں گے تاہم اب تک حکومت ایسا کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ کے ٹی راما راؤ نے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت وائیٹ پیپر جاری کرتے ہوئے واضح کرے کہ اس نے اب تک کتنے روزگار فراہم کئے ہیں۔ سارے ملک میں کئی ملازمتیں دستیاب ہیں لیکن مودی حکومت ان پر تقررات نہیں کر رہی ہے ۔