بنگال انتظامیہ نے طوفان سے متعلق وارننگ جاری کی

   

دیگھا :مغربی بنگال کے ساحلی علاقے پر سمندری طوفا ن ’جواد‘ کے پیش نظر انتظامیہ نے ماہی گیر برادری اور سیاحوں کو سمندر کے قریب جانے سے متعلق وارننگ جاری کی ہے ۔ طوفان کے اس ہفتے کے آخر میں آندھرا پردیش، اڈیشہ اور جنوبی بنگال کے کچھ حصوں سے ٹکرانے کا امکان ہے ۔سیاحتی مقامات دیگھا، مندرمانی، تاج پور اور سندربن کے علاقوں کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ہے ، جہاں ماہی گیروں اور سیاحوں کو اگلے پیر تک ساحلی سرحد کے قریب جانے سے منع کیا گیا ہے ۔مدنا پور ضلع کے دونوں مشرقی اور مغربی علاقوں کی ہنگامی خدمات نے طوفان جواد کی وجہ سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کی تیاری کرلی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق، جنوبی انڈمان سمندر میں کم دباؤ کا علاقہ زیادہ گہرائی کے ساتھ شدت اختیار کر سکتا ہے اور 4 دسمبر کو سمندری طوفان کے طور پر اڈیشہ کے ساحل کی طرف بڑھ سکتا ہے ۔ بنگال کے ساحل کے علاوہ ہوڑہ اور ہگلی انتظامیہ بھی ہر آنے والے حالات کے لیے تیار ہے ۔ماہی گیروں کو کم از کم 3 سے 5 دسمبر تک سمندر میں جانے سے روک دیا گیا ہے ۔ ہندوستانی ریلوے نے طوفان کی وجہ سے جمعرات اور ہفتہ کے درمیان لمبی دوری کی 53 ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں۔ ہوڑہ۔سکندرآباد فلک نامہ ایکسپریس، ہوڑہ۔حیدرآباد ویسٹ کوسٹ، ہوڑہ۔ایم جی آر چینائی سنٹرل کورو منڈل ایکسپریس، سنتراگچی۔ایم جی آر چنئی سنٹرل ایکسپریس، ہوڑہ۔یشونت پور، واسکو دا گاما۔ہوڑا ایکسپریس و دیگر ٹرینیں منسوخ ہوگئیں۔