بنگال میں وقف ترمیمی قانون کا نفاذ نہیں:ممتا بنرجی

,

   

کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کہاکہ ان کی حکومت وقف ترمیمی قانون کوریاست میں نافذ نہیں کرے گی۔ آج یہاں پر جین مٹھ کے ایک پروگرام میں انہوں نے کہاکہ ان کی حکومت اقلیتوں کی جان و مال کی حفاظت ہر صورت میں کرے گی۔ وقف ترمیمی بل کو حال ہی میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے زبردست بحث و مباحثہ کے بعد پاس کیا اور بعد میں صدر دروپدی مرمو نے اس پر اپنی مہر ثبت کردی جس کے بعد یہ بل قانون بن گیا۔ ملک کی تمام اپوزیشن پارٹیوں نے اس بل کی شدید مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ یہ اقلیتوں کے مذہبی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ انہیں یہ احساس ہیکہ وقف ترمیمی قانون سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ یقین بھی دلایا کہ ریاستی حکومت عوام کو اس قانون کی وجہ سے بٹنے نہیں دے گی۔
وقف قانون کے خلاف مغربی بنگال کے کئی شہروں میں کل پرتشدد مظاہرے بھی ہوئے ہیں۔ اس کی وجہ سے کئی علاقوں میں کشیدگی کا ماحول ہے ۔ وزیر اعلی نے کہاکہ لوگوں کو آپس میں اتحاد قائم رکھنا چاہئے تبھی وہ ان کی جان و مال کی پوری طرح حفاظت کرسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے مارنے کی دھمکی بھی دی جائے گی تو بھی میں اتحاد اور بھائی چارے کے لئے کام کرتی رہوں گی۔