بنگال: ’گولی مارو‘ نعرے پر بی جے پی کارکنان کو گرفتار کرنے والے افسر ہمایوں کبیر کا استعفیٰ

   

کولکاتا: بنگال میں سیاسی مظاہرہ کے دوران گولی مارو کا نعرہ لگانے والے بی جے پی کارکنان کو گرفتار کرنے والے پولیس افسر ہمایوں کبیر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ کبیر کا کہنا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دے رہے ہیں۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، ہمایوں کولکاتا کے نزدیک چندن نگر کے پولیس کمشنر ہیں اور دسمبر کے مہینے میں ہی انہیں انسپکٹر جنرل کی رینک حاصل ہوئی تھی۔دراصل، 21 جنوری کو بنگال میں بی جے پی کی ریلی کے دوران جب کچھ پارٹی کارکنان نے ’گولی مارو‘ کا نعرہ لگایا تو انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ انہیں تشدد بھڑکانے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے مقامی بی جے پی لیڈر سریش شا اور دو دیگر کو اس نعریبازی کی ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے کچھ گھنٹوں کے اندر گرفتار کیا تھا۔ اس ریلی کی قیادت بی جے پی لیڈر سویندو ادھیکاری اور ہگلی سے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ لاکٹ چٹرجی کر رہی تھیں۔ترنمول کانگریس میں ممتا کے مقرب خاص سمجھے جانے والے سویندو ادھیکاری نے گزشتہ مہینے ہی پارٹی کو خیرباد کہا ہے۔ اس کے بعد ٹیم ایم سی کا دامن چھوڑنے والے لیڈران کی ہوڑ لگی ہوئی ہے۔ ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ سوگتا رائے کا کہنا ہے کہ نعرے بازی کے حوالہ سے ہوئی گرفتار پوری طرح پولیس کا معاملہ ہے اور ان کی پارٹی کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔