مالدہ ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مالدہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدر بی جے پی امیت شاہ نے مغربی بنگال میں بی جے پی کی مہم کا آغاز کیا اور کہا کہ شہریت مسودہ قانون کی منظوری کے بعد بنگالی پناہ گزینوں کو شہریت دی جائے گی۔ برسراقتدار ترنمول کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات جمہوریت کی بحالی کیلئے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس نے پناہ گزینوں کیلئے کچھ بھی نہیں کیا ہے۔ انہیں بی جے پی شہریت عطا کرے گی۔ کولکاتہ میں اپوزیشن پارٹیوں کے جلسہ عام پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلسہ عام کے دوران ایک بار بھی بھارت ماتا کی جئے یا وندے ماترم کا نعرہ نہیں لگایا گیا صرف ’’مودی، مودی‘‘ کا جاپ ہوا۔ اپوزیشن کے اس عظیم اتحاد کا مقصد صرف اقتدار چھین لینا اور مفادات حاصلہ کیلئے اس کا استحصال کرنا ہے۔ یہ لوگ عزت یا بدعنوانیوں کا خاتمہ کرنا نہیں بلکہ صرف مودی کو اقتدار سے بیدخل کرنا چاہتے ہیں۔ ترنمول کانگریس کے دورحکومت میں صرف قتل کے واقعات میں اضافہ ہوا۔