میرپور: بنگلادیش نے واحد ٹسٹ میں افغانستان کو آج 546 رنز سے شکست دے دی۔ بنگلادیش کے شہر میرپور میں کھیلے گئے واحد ٹسٹ میچ میں میزبانوں کے 662 رنز کے تعاقب میں افغان ٹیم 115 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بنگلادیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 382 بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جس میں نجم الحسین 146 اور محمود الحسن 76 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔ مہمان ٹیم کی جانب سے نجات مسعود نے 5 اور یامین احمدزئی نے 2 وکٹیں لئے۔ 382 رنز کے جواب میں افغان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 146 رنز بناسکی تھی، افسر زازئی 36 اور ناصر جمال 35 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔ بنگلادیش کی جانب سے عبادت حسین نے 4، تیج الاسلام، شریف الاسلام اور مہدی حسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کئے۔ وکٹ کیپر ؍ بیاٹر لٹن داس کی قیادت میں کھیلتے ہوئے بنگلا دیش نے اپنی دوسری اننگز میں نجم الحسین اور مومن الحق کی سنچریوں کی بدولت 425 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کردی اور مہمان
ٹیم کو جیت کیلئے 662 رنز کا پہاڑ جیسا ٹارگٹ دیا جس کے تعاقب میں افغان ٹیم ہفتہ کو میچ کے چوتھے دن 115 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ رحمت شاہ کے 30 رنز کی اننگز کے علاوہ کوئی افغان بلے باز زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹھہر نہ سکا۔بنگلادیش کیلئے تسکین احمد نے 4 اور شریف الاسلام نے 3 شکار کئے۔ بنگلادیشی بلے باز نجم الحسین کو دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
ٹسٹ کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے تیسری بڑی فتح
بنگلادیش نے ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے یہ تیسری بڑی فتح (546 رنز) درج کرائی ہے۔ 1928 میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 675 رنز سے ہرا کر سب سے بڑی فتح حاصل کی تھی جس کے بعد آسٹریلیا نے 1934 میں انگلینڈ کو 562 رنز سے ہرا کر ٹسٹ کرکٹ کی دوسری بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔