بنگلور میں سابق چیف منسٹر سدارامیا کی افطار پارٹی

   

کانگریس قائدین کھرگے، ڈی کے شیوکمار، کے رحمن خاں و دیگر کی شرکت، آپسی اتحاد پر زور

بنگلور ۔ ممتاز کانگریسی قائد وسابق چیف منسٹرکرناٹک سدرامیا نے جمعہ کے دن بنگلور میں اپنی جانب سے ایک افطار پارٹی کا اہتمام کیا ۔ اس افطار پارٹی میں سیاسی جماعتوں کے عہدہ داران و ارکان، ہندو برادران وطن ،مندروں کے سوامی ، چرچوں کے فادرس ، مسلمانان شہراور دیگر معززین شریک تھے ۔ کانگریسی قائد اپوزیشن راجیہ سسبھاڈاکٹر ملیکارجن کھرگے، صدر کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ڈی کے شیو کمار، ممتاز کانگریسی سیاست دان و سابق مرکزی وزیرکے رحمٰن خان کے علاوہ دیگر کئی ایک سیاسی کارکنان و عہدہ داران اس افطار پارٹی میں شریک تھے ۔ اس موقع پر کانگریسی قائیدین نے اپنی تقاریر میںشرکاء افطار پارٹی کو ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، آپسی خلوص و محبت، بھائی چارگی اوروطن اور تمام وطن سے محبت پر زور دیا ۔ جناب رحمٰن خان نے کہا کہ اس طرح کی افطار پارٹیاں ہماری تہذیب اور کلچر کا ایک حصہ ہیں ۔قائد اپوزیشن راجیہ سبھا ڈاکٹر ملیکارجن کھرگے نے کہا کہ اس طرح افطار پارٹیاںہمارے ملک کے لوگوں کو جوڑتی ہیں اوروطن کے لوگوں میں آپسی اتحاد پیدا کرتی ہیں ۔انھوں نے کہا کہ ملک کا دستور سارے ہم وطنوں کے لئے ایک ہی ہے۔ سابق مرکزی وزیر جناب کے رحمٰن خان نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میںمسلمانان کو نہایت صبر و تحمل اور حکمت کے ساتھ زندگی گزارنی چاہئے ۔سابق چیف منسٹر سدرامیا نے بھی اس موقع پر اپنی تقریر میں افطار پارٹی میں مدعو تمام افراد سے اپیل کی کہ وہ ملک میں نہایت آپسی بھائی چارگی اور امن کے ساتھ رہیں ۔ افطار پارٹی کے دیگر مقررین نے بھی ملک میں فرقہ وارانہ ہم اہنگی برقرار رکھنے اور فرقہ وارانہ تشدد سے دور رہتے ہوئے ملک کے تمام مذاہب کے لوگوں اور طبقات میں محبت ، خلوص اوربھائی چارگی پیدا کرنے کی اپیل کی ۔مذکورہ بالا افطار پارٹی میں عام مسلمانوں ، مولویوں ، وغیرہ کے علاوہ ہندو برادران وطن ، مندروں کے پوجاریوں اور گرجا گھروں کے فادرس وغیرہ کی کثیر تعداد شریک تھی ۔