کئی جگہ پانی جمع، میٹرو اسٹیشن میں پانی گھس گیا، وسطی خطہ میں بارش نہیں ہوئی
بنگلورو : کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں آج منگل کو غیرموسمی بارش اس قدر شدید ہوئی کہ 14 فلائیٹس کا رخ تبدیل کرنا پڑا اور کئی دیگر کے شیڈول میں تاخیر ہوئی۔ موسلادھار بارش سے شہر کے مضافات میں کئی جگہ پانی جمع ہوگیا اور مضافاتی علاقہ میں واقع کمپے گوڑا انٹرنیشنل ایرپورٹ کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ اس دوران تیز ہوائیں چلی اور گرد چمک کے ساتھ بارش کے باعث شام 4 بجے سے تقریباً 5 بجے تک فلائیٹ آپریشنس پر اثر پڑا۔ ایرپورٹ کے عہدیدار نے بتایا کہ مجموعی طور پر 14 فلائیٹس کا رخ موڑنا پڑا۔ 12 کو چینائی کی طرف موڑ دیا گیا ، ایک کو کوئمبتور اور ایک کو حیدرآباد کی طرف بھیج دیا گیا۔ ان میں زیادہ تر انڈیگو فلائیٹس تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ 6 پروازوں کی روانگی بھی تاخیر سے ہوئی۔ تاہم ایک گھنٹے کے بعد معمول کے آپریشنس بحال ہوگئے۔ ایرپورٹ اور آئی ٹی کوریڈور کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں زبردست بارش ہوئی۔ شہر سے وائرل ہونے والے کئی ویڈیو کلپس میں دیکھا گیا کہ عوام زیرآب سڑکوں سے گذر رہے ہیں۔ حال ہی میں تعمیر شدہ نلور ہلی میٹرو اسٹیشن بھی آج کی بارش سے متاثر ہوا اور اسٹیشن میں پانی آ گیا۔ دلچسپ بات ہیکہ شہر کے وسطی خطہ میں کوئی بارش نہیں ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آج کی بارش کے تعلق سے ٹھوس پیش قیاسی نہیں کی تھی۔ شہر کے چند علاقوں میں بارش ہوئی اور بعض دیگر میں معمول کے مطابق درجہ حرارت موسم گرما کی مطابقت میں رہا۔