نئی دہلی: دہشت گردی کے الزامات کے تحت گذشتہ 24 سالوں سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے عمر قید بامشقت کی سزا کاٹ رہے بیس ملزمین کو کل سپریم کورٹ نے مشروط ضمانت پر رہا کیئے جانے کے احکامات جاری کردیئے ۔ ریلیز کے مطابق گذشتہ کل سپریم کورٹ کی دو رکنی بنچ کے جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس اروند کمار نے سال 2000میں کرناٹک کے مختلف شہروں بشمول بنگلور میں ہوئے چار بم دھماکہ معاملے میں نچلی عدالت اور ہائی کورٹ سے عمر قید کی سزا پانے والے ملزمین کو ضمانت پر رہا کیئے جانے کے احکامات جاری کیئے ، ملزم کی ضمانت کی درخواست پر ایڈوکیٹ آر مادھون نے بحث کی۔ عدالت نے ملزمین کے جیل میں گذارے ایام کے مد نظر ملزمین کی ضمانت عرضداشت منظور کی۔ضمانت منظور کرنے سے قبل عدالت نے جیل حکام سے ملزمین کے جیل ریکارڈ طلب کئے تھے ، جیل حکام نے عدالت میں ملزمین کے جیل ریکارڈ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا تھا کہ ملزمین کا رویہ جیل میں اطمینان بخش اور بہت اچھا ہے ۔ سپریم کورٹ نے جیل رپورٹ اور ملزمین کی طویل قید کے مدنظر ملزمین کو ضمانت پر رہا کئے جانے کا حکم دیا ۔