بنگلورو ‘تین ہوٹلوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی، پولیس الرٹ

   

بنگلورو : بنگلورو میں تین ہوٹلوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے۔ یہ دھمکی آج ایک ای میل کے ذریعے دی گئی ہے، جس کے بعد پولیس نے تینوں ہوٹلوں میں سیکوریٹی بڑھا دی ہے۔ اس کے علاوہ بم اسکواڈ اور پولیس ٹیموں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ پولیس کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ معلومات کے مطابق یہ دھمکی آمیز ای میل شہر کے ’دی اوٹرس‘ سمیت تین معروف ہوٹلوں کو ملا ہے۔ اطلاع ملتے ہی بم اسکواڈ اور پولیس کی ٹیمیں تینوں ہوٹلوں پر پہنچ گئیں۔ جنوبی مشرقی بنگلورو کے ڈی سی پی کے مطابق اطلاع پر پولیس حرکت میں آگئی اور بم اسکواڈ کے ساتھ ایک ٹیم کو تینوں ہوٹلوں کو بھیج دیا گیا۔ فی الحال ٹیم تحقیقات کر رہی ہے۔ آس پاس کے میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ اس سے ایک دن قبل نارتھ بلاک میں واقع وزارت داخلہ کو بھی بم کی دھمکی کا ای میل ملا تھا۔ تاہم بعد میں یہ افواہ ثابت ہوئی۔اس سے قبل 14 مئی کو بنگلورو کے 8 پرائیویٹ اسکولوں کو بھی بم کی دھمکیاں ملی تھیں۔ تفتیش میں یہ محض افواہ ثابت ہوئی۔ اس کے باوجود پولیس نے اسکولوں کے ارد گرد سیکورٹی بڑھا دی تھی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اپریل 2024 میں دہلی-این سی آر، جے پور ، احمد آباد و اتر پردیش اور بنگلور کے کئی اسکولوں کو بم کی دھمکیوں والی ای میل ملا تھا اس سے خوف وہراس پھیل گیا تھا۔ یہ تمام دھمکیاں افواہیں ثابت ہوئیں تھیں۔ دھمکی کے بعد پولیس الرٹ ہے اور حفاظتی انتظامات بڑھا دئے ہیں۔