بنگلہ دیش 149 رنز پر ڈھیر ،ہندوستان 81/3

   

چنئی۔ ٹیم انڈیا نے چنئی ٹسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل ختم ہونے تک مقابلے پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے جیسا کہ مہمان ٹیم کو پہلی اننگز میں 149 رنز کی معمولی اسکور پر آوٹ کرنے کے بعد اس نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان کے بعد 81 رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ ہندوستان کو مقابلے میں اب 308 رنز کی اہم سبقت حاصل ہوچکی ہے ۔ قبل ازیں ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں 376 رنز بنائے ہیں۔ہندوستان کی جانب سے اشون نے سب سے زیادہ 113 رنز بنائے اور رویندر جڈیجہ نے86 رنز بنائے۔ دونوں کے درمیان ساتویں وکٹ کے لیے199رنزکی شراکت ہوئی۔ ہندوستان ٹیم نے آج کھیل کا آغاز 6 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز سے اننگز کا کیا۔ اس کے بعد ٹیم دوسرے دن کے پہلے سیشن میں37 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہی۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے شاندار بولنگ کی۔ انہوں نے اپنی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ تسکین احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں بنگلہ دیش اپنی پہلی اننگز میں صرف 149 رنز بنا سکی۔ اب دوسری اننگز میں ٹیم انڈیا کی برتری 308 رنز تک پہنچ گئی ہے۔ طویل وقفے کے بعد ٹسٹ فارمیٹ میں واپس آنے والے ویراٹ کوہلی کے لیے چنئی ٹسٹ کچھ خاص نہیں رہا۔ پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی وہ زیادہ دیرکریز پر نہ ٹھہر سکے لیکن دوسری اننگز میں کوہلی کی طرف سے ایک بڑی غلطی دیکھنے میں آئی۔ اس اننگز میں آؤٹ نہ ہونے کے باوجود انہیں پویلین لوٹنا پڑا۔ انہوں نے ایسی غلطی کی جو ویراٹ کی طرف سے شاذ و نادر ہی نظر آتی ہے۔ ان کی غلطی دیکھ کر کپتان سے لے کر کھلاڑیوں تک سب حیران رہ گئے۔ کوہلی پہلی اننگز میں صرف 6 رنز بنا سکے، دوسری اننگز میں اچھی فارم میں نظر آئے لیکن 37 گیندوں میں17 رنز بنانے کے بعد وہ اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ دراصل وہ مہدی حسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار پائے۔ حیران کن بات یہ تھی کہ وہ ایل بی ڈبلیو آؤٹ نہیں ہوئے، پھر بھی انہوں نے ڈی آر ایس نہیں لیا۔