نیویارک : بنگلہ دیش کو 2023 میں دنیا کا آلودہ ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔سوئس کمپنی آئی کیو ائیر کی جانب سے سالانہ عالمی سروے پر مبنی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا کہ دنیا میں محض 7 ممالک ایسے ہیں جہاں کا فضائی معیار عالمی ادارہ صحت کے طے شدہ بین الاقوامی فضائی معیار کے مطابق ہے۔رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدترین ہوتی جا رہی ہے۔اس فہرست میں کسی جگہ کے فضائی معیار کا تعین وہاں پھیپھڑوں کو نقصان پہنچانے والے ننھے پی ایم 2.5 ذرات کی مقدار کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2023 میں بنگلہ دیش کا فضائی معیار بدترین رہا جہاں فی کیوبک میٹر پی ایم 2.5 کا اجتماع 118.9 مائیکرو گرام تھا، جو عالمی ادارہ صحت کے طے کردہ معیار سے 15 گنا زیادہ ہے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق فضا میں پی ایم 2.5 کی فی کیوبک میٹر مقدار زیادہ سے زیادہ 5 مائیکرو گرام ہونی چاہیے۔پاکستان اس فہرست میں دوسرے نمبر پر رہا جہاں کی فضا میں خطرناک ذرات کی مقدار عالمی معیار سے 14 گنا زیادہ رہی۔بدترین فضائی آلودگی کا سامنا کرنے والے ممالک میں ہندو ستان، تاجکستان اور Burkina Faso بالترتیب 3 سے 5 ویں نمبر پر رہے۔رپورٹ میں 134 ممالک اور خطوں کا سروے کیا گیا گیا تھا جن میں سے صرف آسٹریلیا، فن لینڈ، ایسٹونیا، آئس لینڈ، موریطانیہ، نیوزی لینڈ اور Grenada ایسے ممالک تھے جو گاڑیوں، ٹرکوں اور صنعتی سرگرمیوں کے دوران خارج ہونے والے ننھے ذرات کو محدود رکھنے میں کامیاب رہے۔آئی کیو ائیر نے یہ رپورٹ دنیا بھر میں اپنے 30 ہزار سے زائد مانیٹرنگ اسٹیشنز کے ڈیٹا کے ذریعے مرتب کی۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ سال دنیا کا آلودہ ترین شہر بھارت کا بیگو سرائے رہا جس کا نام 2022 کی فہرست میں موجود ہی نہیں تھا۔