ڈھاکہ : بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں خواجہ سراؤں کی پہلی مسجد تعمیر کی گئی ہے۔ایک کمرے کی اس مسجد کے لیے زمین حکومت نے فراہم کی۔ خواجہ سراؤں کا کہنا ہے کہ اب انہیں کوئی نماز سے نہیں روک پائے گاکیونکہ اب وہ یہاں کسی امتیاز اور تفریق کا نشانہ بنے بغیر نماز ادا کرسکیں گے۔وقت کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش میں خواجہ سراؤں کے حقوق اور ان کی قانونی حیثیت کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔ 2013 میں سرکاری طور پر اس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والوں کو اپنی شناخت اپنی صنف کے اعتبار سے کرانے کی اجازت دی گئی تھی۔خواجہ سرا بنگلہ دیش کی سیاست میں بھی حصہ لے رہے ہیں اور 2021 میں ایک خواجہ سرا بنگلہ دیش کے ایک قصبے کا میئر بھی منتخب ہوچکا ہے۔