بنگلہ دیش میں سیاسی بدامنی ، وزیراعظم شیخ حسینہ مستعفی، بھارت آمد

,

   

ڈھاکہ؍ نئی دہلی : بنگلہ دیش میں گزشتہ کچھ دنوں سے جاری شدید کشیدگی کے درمیان وزیر اعظم شیخ حسینہ آج پیر کو ملک سے محفوظ مقام کیلئے روانہ ہوئیں اور تادم تحریر وہ بھارت پہنچ جانے کی اطلاع ہے ۔ ان کے جانے کی خبر ملتے ہی ہزاروں مظاہرین نے اُن کی سرکاری رہائش ’گن بھون‘ پر پر حملہ کر دیا۔ 76 سالہ حسینہ تقریباً 2:30 بجے دن ایک فوجی ہیلی کاپٹر میں دارالحکومت ڈھاکہ سے روانہ ہوئیں۔ اُن کی چھوٹی بہن شیخ ریحانہ بھی اُن کے ساتھ تھیں۔ وہ ہندوستان کے مغربی بنگال کیلئے روانہ ہو گئی ہیں۔ وہ روانگی سے قبل تقریر ریکارڈ کرنے کی خواہش رکھتی تھیں، لیکن ایسا کرنے کا موقع نہیں ملا۔ طلبہ کے سخت احتجاج کے بعد آرمی چیف جنرل وقار الزماں کی جانب سے 45 منٹ میں اقتدار چھوڑنے کی وارننگ کے بعد شیخ حسینہ واجدملک چھوڑ کر روانہ ہو گئی ہیں۔ طلبہ کارکنوں نے آج ڈھاکہ میں ایک ریلی کی اپیل کی تھی تاکہ ملک گیر کرفیو کے باوجود حسینہ پر استعفیٰ دینے کیلئے دباؤ ڈالا جا سکے ۔ جیسے ہی مظاہرین نے کچھ جگہوں پر پیش قدمی شروع کی، بکتر بند گاڑیوں اور فوجیوں نے ڈھاکہ کی سڑکوں پر گشت شروع کر دیا۔ کئی علاقوں میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم چھ افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے ۔ پولیس نے مظاہرین کے چھوٹے گروپوں کو منتشر کرنے کیلئے شہر کے کچھ حصوں میں صوتی دستی بم پھینکے ۔ اس سے ایک روز قبل ملک بھر میں پرتشدد جھڑپوں میں درجنوں ہلاکتیں ہوئی جو آج بڑھ کر 300 تک پہنچ گئی ۔شیخ حسینہ کی ملک سے ’فراری‘ کے ساتھ ہی مظاہرین اُن کی سرکاری رہائش گاہ میں گھس گئے جہاں مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی اور سامان بھی اٹھا کر لے گئے ۔ بنگلہ دیش نے انٹرنیٹ سرویس کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے ۔ شیخ حسینہ اقتدار کے یکایک زوال کے ساتھ ہی سابق وزیراعظم اور حسینہ کی کٹر حریف خالدہ ضیاء کی جیل سے رہائی کا امکان روشن ہوگیا ہے ۔ بی این پی چیر پرسن کو عنقریب رہائی مل سکتی ہے ۔
بنگلہ دیش کے تمام فیصلے فوج کریگی : جنرل زماں
دریں اثناء بنگلہ دیش کے آرمی چیف جنرل وقار الزماں نے مخلوط حکومت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے تمام فیصلے اب فوج کرے گی۔ جنرل زماں نے شیخ حسینہ کے مستعفی ہونے اور ملک چھوڑنے کے بعد عوام سے اپنے پہلے خطاب میں انہیں صبر کی تلقین کی ہے اور ملک کا نظام چلانے کیلئے مخلوط حکومت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تمام فیصلے فوج کرے گی۔ جنرل زماں نے کہا کہ بنگلہ دیشی عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ مطالبات پورے کیے جائیں گے ۔ عوام صبر کا مظاہرہ کریں ، املاک کو نقصان نہ پہنچائیں اور پُر امن طریقے سے گھروں کو چلے جائیں، کیونکہ پُر تشدد واقعات اور املاک کو نقصان پہنچانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ بنگلہ دیش میں اب تک جو کچھ بھی غلط ہوا ہے ، اس کا ازالہ کیا جائے گا اور مل جل کر مسائل حل کرلیں گے ۔ حالات معمول پر آنے کے بعد کرفیو بھی اُٹھا لیا جائے گا۔
شیخ حسینہ کی دہلی ۔ این سی آر ایئرفورس بیس آمد
بنگلہ دیش میں پیر کو فوجی بغاوت کے بعد وزیر اعظم شیخ حسینہ ملک چھوڑ کر ہندوستان آگئی ہیں۔ یہ اطلاع وزارت خارجہ ہند کے ذرائع نے دی ہے۔حسینہ کو ہندوستان کے شمال مشرقی علاقے میں واقع ایک اڈے سے ایک فوجی طیارے کے ذریعے نیشنل کیپیٹل ریجن (این سی آر) کے ہنڈن ایئر فورس کے اڈے پر لے جایا گیا ہے۔ وہاں سے اُنہیں محفوظ مقام کو منتقل کیا جارہا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ شیخ حسینہ کچھ وقت ہندوستان میں گزار سکتی ہیں۔ بنگلہ دیش کے مجاہدین آزادی کیلئے نوکریوں میں ریزرویشن کے خلاف طلبہ کی تحریک نے پرتشدد رخ اختیار کرلیا اور اتوار کو دارالحکومت ڈھاکہ میں بڑے پیمانے پر تشدد ہوا۔